عمران خان کو فوری بہتر علاج معالجہ کی ضرورت ہے۔ سید صادق آغا

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے قائد عمران خان کی جانب سے اعلیٰ عدالتوں کو لکھے گئے خط میں اپنی صحت سے متعلق خدشات کے اظہار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کو فوری طور پر رہا کیا جائے تاکہ وہ اپنی مرضی اور اطمینان کے مطابق بہتر علاج معالجہ کرا سکیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کے سابق وزیراعظم اور پاکستان کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، ان کی صحت اور زندگی کے حوالے سے سامنے آنے والے خدشات کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ عمران خان کو علاج معالجے کی تمام ضروری سہولیات فراہم کریں اور ان کے ذاتی معالجین کو بھی مکمل رسائی دی جائے۔ سید صادق آغا نے کہا کہ عمران خان کی صحت کا معاملہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کسی بھی سیاسی اختلاف سے بالاتر ہوکر انسانی حقوق، بنیادی سہولیات اور علاج معالجے کے حق کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو فوری رہائی دی جائے تاکہ وہ آزادانہ طور پر اپنا علاج کرا سکیں اور اپنے اہل خانہ و معالجین کی مشاورت سے صحت یابی کے مراحل طے کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی ضرورت ہیں، ملک کو اس وقت سیاسی استحکام، قومی یکجہتی اور جمہوری اقدار کے فروغ کی ضرورت ہے۔ سیاسی مسائل کا حل سیاسی مکالمے اور جمہوری عمل میں مضمر ہے، لہٰذا تمام متعلقہ ادارے اس معاملے میں انسانی ہمدردی اور قانون کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے فوری اقدامات کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.