کوئٹہ(زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کوئٹہ میں گیس، بجلی اور پانی کے سنگین بحران پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے صوبے کی تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سیاسی وابستگیوں اور اختلافات سے بالاتر ہوکر عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ احتجاجی تحریک چلائیں، کیونکہ کوئٹہ کے شہریوں کو بنیادی ضروریات زندگی سے محروم رکھنا ان کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے کوئٹہ میں صحافیوں کے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ کے بدقسمت عوام اس جدید دور میں بھی گیس، بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولیات کے حصول کے لیے پریشان ہیں۔ شدید سردی کا آغاز ہوچکا ہے، مگر گھروں میں گیس دستیاب نہیں، دوسری جانب گیس کی عدم فراہمی کے باوجود صارفین کو بھاری بھرکم بل بھیجے جارہے ہیں، جو عوام کے معاشی مسائل میں مزید اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ نے بھی شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ روزانہ چار چار گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے، جبکہ ہفتے میں تین راتیں بجلی کی پوری پوری رات بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سرد موسم میں بجلی اور گیس دونوں کی عدم دستیابی نے گھریلو زندگی، کاروباری سرگرمیوں اور طلبہ کی تعلیم کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پانی کا بحران بھی انتہائی تشویشناک صورتحال اختیار کرچکا ہے۔ واسا کی جانب سے پانی کی فراہمی شہریوں کے لیے خواب بن کر رہ گئی ہے، لوگ پینے اور روزمرہ استعمال کے پانی کے حصول کے لیے پریشان ہیں، جبکہ متعلقہ ادارے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے عوام کب تک ان بنیادی مسائل کا سامنا کرتے رہیں گے؟ سیاسی جماعتوں، منتخب نمائندوں اور سول سوسائٹی کو اس صورتحال پر مشترکہ مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سوئی گیس حکام، کیسکو اور واسا فوری طور پر اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں، گیس کی بندش اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کی جائے اور پانی کی فراہمی کا مؤثر نظام بنایا جائے۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے واضح کیا کہ عوام کے بنیادی حقوق اور شہری سہولیات کے حصول کے لیے آواز بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تمام سیاسی جماعتیں متحد ہوکر عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ کوئٹہ کے شہریوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے۔
