جب تک رولز نہیں بنتے لائیو سٹریمنگ نہیں ہوسکتی،چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے بیرسٹر سلمان صفدر کی درخواست پر ریمارکس

0

اسلام آباد(زیبائے پاکستان)190ملین پاؤنڈ کیس میں بانی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر کی لائیو سٹریمنگ کی درخواست پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ جب تک رولز نہیں بنتے لائیو سٹریمنگ نہیں ہوسکتی۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190ملین پاؤنڈ کیس میں بانی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں بنچ نےسماعت کی۔

دوران سماعت بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ میں ایک درخواست لے کر آیا ہوں جس سے عدالتی وقار میں اضافہ ہوگا، ہم عدالتی کارروائی کی لائیو سٹریمنگ چاہتے ہیں،چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہاکہ میں اس درخواست پر دلائل نہیں سنوں گا، لائیو سٹریمنگ کی درخواست متعلقہ کمیٹی کے سامنے زیرالتوا ہے،جب تک رولز نہیں بنتے لائیو سٹریمنگ نہیں ہوسکتی۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ آج کل ماڈرن ٹیکنالوجی کا استعمال ہورہا ہے، ویڈیو لنک پر دلائل ہورہے ہیں،ایک جوڑے کو بار بار مختلف کیسز میں پھنسایا جارہا ہے،یہ مفاد عامہ کاکیس ہے، عوام اسے دیکھنا چاہتے ہیں،بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی لائیو سٹریمنگ ہونی چاہئے۔

نیب سپیشل پراسیکیوٹرنے کہا کہ یہ سیاسی بیانات ہیں وکالت نہیں،چیف جسٹس نے کہاکہ اگر رولز نہ ہوں تو لائیو سٹریمنگ کیسے ہو سکتی ہے؟اس پر معاونت کریں،آپ اپنی درخواست کی حد تک دلائل دیں،یہ اوپن کورٹ ہے، یہاں موجود لوگ سب کچھ دیکھ رہے ہیں۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ سپریم کورٹ براہ راست کارروائی دکھاتی رہی ہے،چیف جسٹس نےکہاکہ میں خود مختار ہوں کسی کے ماتحت نہیں، ہائیکورٹ کے اپنے رولز ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.