کوئٹہ: بلوچستان اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا مشیر کھیل مینا مجید کے اسپورٹس جرنلسٹس سے متعلق بیان پر شدید ردعمل

0

کوئٹہ( زیبائے پاکستان )بلوچستان اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن نے صوبائی مشیر کھیل مینا مجید کی جانب سے اسپورٹس جرنلسٹس سے متعلق مبینہ تضحیک آمیز اور غیر مناسب بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے اسپورٹس جرنلسٹس نے ہمیشہ محدود وسائل اور مشکل حالات کے باوجود صوبے میں کھیلوں کے فروغ، کھلاڑیوں کے مسائل اور کھیلوں سے متعلق عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔

بلوچستان سپورٹس جرنلسس ایسوسی ایشن جوکہ پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن اور ایشین سپورٹس جرنلسٹس سمیت ورلڈ سپورٹس جرنلسٹس کے ساتھ رجسٹرڈ تنظیم ہے،

ایسوسی ایشن نے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اسپورٹس جرنلسٹس نے محکمہ کھیل سے متعلق مختلف معاملات اور مسائل کی نشاندہی ہمیشہ صحافتی ذمہ داری کے تحت کی، جس کا مقصد کسی فرد کو نشانہ بنانا نہیں بلکہ کھیلوں کے شعبے میں شفافیت، میرٹ اور کھلاڑیوں کے حقوق کو یقینی بنانے کے لیے آواز اٹھانا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ ایسوسی ایشن کے مطابق صوبائی مشیر کھیل کی جانب سے مختلف پلیٹ فارمز پر اسپورٹس جرنلسٹس کو تنقید کا نشانہ بنانے اور ان کے خلاف مبینہ طور پر نازیبا یا تضحیک آمیز گفتگو کا سلسلہ قابلِ مذمت ہے۔ ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ صحافیوں کی جانب سے عوامی مفاد میں سوالات اٹھانا اور محکمہ کھیل کے معاملات پر رپورٹنگ کرنا ان کا آئینی اور صحافتی حق ہے۔

بلوچستان اسپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن نے کہا کہ اگر اسپورٹس جرنلسٹس کی جانب سے کسی خبر یا رپورٹ پر اعتراض ہے تو اس کا جواب حقائق اور شواہد کے ساتھ دیا جانا چاہیے، نہ کہ صحافیوں کو بدنام کرنے یا ان کی ساکھ متاثر کرنے کی کوشش کی جائے۔

ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مشاورت جاری ہے اور پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن سمیت متعلقہ صحافتی و اسپورٹس جرنلسٹس تنظیموں سے مشاورت کے بعد احتجاج اور دیگر آئینی و قانونی راستوں پر غور کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان کے اسپورٹس جرنلسٹس کھیلوں اور کھلاڑیوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور کسی بھی دباؤ کے باوجود اپنی صحافتی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.