بھاگ میں دہشت گردوں کا مربوط حملہ ناکام، پولیس کی جوانمردانہ مزاحمت سے دہشت گرد پسپا ہوگئے: شاہد رند

0

 

کوئٹہ (زیبائے پاکستان) معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے بتایا ہے کہ بھاگ شہر میں دہشت گردوں کا ایک مربوط حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے اور پولیس کی جوانمردانہ مزاحمت کے بعد دہشت گرد پسپا ہو چکے ہیں۔ شاہد رند کے مطابق تقریباً 40 دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں، راکٹ لانچرز، مشین گنز، اسنائپرز اور دستی بموں کا استعمال کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن، نیشنل بینک اور اسسٹنٹ کمشنر آفس پر حملہ کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گرد پولیس اسٹیشن بھاگ پر قبضہ کرنے اور وہاں سے اسلحہ چھیننے میں مکمل طور پر ناکام رہے، اور بھاگ پولیس نے تقریباً دو گھنٹے تک دہشت گردوں کا نہایت بہادری سے مقابلہ کیا۔ پولیس کی مؤثر جوابی کارروائی نے دہشت گردوں کو پسپائی پر مجبور کر دیا، جبکہ پولیس اسٹیشن کی مضبوط حفاظتی دیوار نے بھی دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔

معاون وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ دہشت گرد نیشنل بینک سے کوئی نقدی لوٹنے میں کامیاب نہیں ہو سکے، اور بینک کے اندر دہشت گردوں کی جانب سے نصب کردہ آئی ای ڈی کو اسپیشل برانچ کے بم ڈسپوزل یونٹ نے کامیابی کے ساتھ ناکارہ بنا دیا۔ اس کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار اور تین شہری معمولی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حملے کے بعد بھاگ کے عوام نے پولیس کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بہادری کو سراہا۔ شاہد رند نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اور بھاگ پولیس نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ دہشت گردوں کو ریاستی رٹ چیلنج کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.