
کوئٹہ (زیبائے پاکستان)بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی خواتین ونگ کے صدر و صوبائی اسمبلی کے ممبر محترمہ فرح عظیم شاہ نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ خواتین کی تعلیم، صحت اور معاشی خودمختاری کو یقینی بنائے بغیر ایک متوازن اور ترقی یافتہ معاشرے کا قیام ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین بے پناہ صلاحیتوں کی مالک ہیں اور اگر انہیں مساوی مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتی ہیں۔ حکومت اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور انہیں تعلیم، روزگار اور فیصلہ سازی کے عمل میں بھرپور نمائندگی دی جائے۔محترمہ فرح عظیم شاہ نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور ان کی عزت و وقار کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ آج کا دن ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم خواتین کے ساتھ ہر قسم کے امتیازی سلوک کے خاتمے اور ان کے مساوی حقوق کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی خواتین کو بااختیار بنانے، ان کی تعلیم و تربیت اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ پارٹی کی قیادت ہمیشہ اس بات پر زور دیتی رہی ہے کہ خواتین کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کیے بغیر حقیقی ترقی ممکن نہیں۔آخر میں انہوں نے تمام خواتین کو خواتین کے عالمی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ خواتین کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششیں مزید مضبوط ہوں گی۔
