
وندر (زیبائے پاکستان)لسبیلہ کے دور افتادہ پہاڑی علاقے کنراج میں گیسٹرو کی وبا نے پنجے گاڑنا شروع کر دیے ہیں، جس کے نتیجے میں 5 کمسن بچوں کے متاثر ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کنراج کے نواحی گوٹھ اللہ ڈنہ جاموٹ شم میں اچانک پھیلنے والی اس وبا نے معصوم بچیوں سمیت کئی بچوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور وبا کے مزید پھیلا کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔متاثرہ گوٹھ کے مکینوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت لسبیلہ اور متعلقہ حکام سے پرزور اپیل کی ہے کہ علاقے کی جغرافیائی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر میڈیکل ٹیمیں، ضروری ادویات اور صاف پانی کے ٹینکرز روانہ کیے جائیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بروقت طبی امداد کی فراہمی سے ہی قیمتی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے، بصورت دیگر سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔
