
کوئٹہ(زیبائے پاکستان)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے گوالمنڈی میں نامعلوم شرپسندوں نے پولیس تھانے کو دستی بم حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے تھانے پر دستی بم پھینکا، جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں وہاں تعینات ایک پولیس اہلکار عابد علی زخمی ہوگیا۔واقعے کے فوری بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ زخمی اہلکار کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حملہ آور دھماکے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
