
کوئٹہ (زیبائے پاکستان) ممتاز قبائلی، سیاسی و سماجی شخصیت ملک ولید خان توخئی نے کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں عیدالاضحیٰ تک نافذ سمارٹ لاک ڈاؤن اور غیر ضروری پابندیوں کو فوری طور پر معطل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے موجودہ مخدوش حالات کے باعث پہلے ہی کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہیں جبکہ عید کے سیزن میں شام آٹھ بجے بازار اور دکانیں بند کرنے سے تاجروں اور چھوٹے کاروبار سے وابستہ افراد کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری پہلے ہی شدید معاشی مشکلات، کاروباری جمود، بے روزگاری اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث پریشانی کا شکار ہے۔ ایسے حالات میں کاروباری اوقات کار مزید محدود کرنا تاجروں کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ بیشتر دکاندار دکانوں کے کرائے، یوٹیلیٹی بلز، ملازمین کی تنخواہیں اور دیگر روزمرہ اخراجات پورے کرنے سے بھی قاصر ہوچکے ہیں جبکہ عیدالاضحیٰ کا سیزن تاجروں کیلئے سال کا اہم کاروباری موقع سمجھا جاتا ہے۔ ملک ولید خان توخئی نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے عیدالاضحیٰ تک کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن اور غیر ضروری پابندیوں کا خاتمہ کرے تاکہ کاروباری سرگرمیاں بحال ہوسکیں، تاجروں کا اعتماد بحال ہو اور عوام کو بھی ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو تاجر برادری مزید مشکلات سے دوچار ہوجائے گی جس کے منفی اثرات صوبے کی معیشت پر بھی مرتب ہوں گے۔
