ترقی و خوشحالی سے ہی بلوچستان میں پائیدار امن قائم ہوسکتا ہے۔ سید امان شاہ

0

کوئٹہ (زیبائےے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے کہا ہے کہ ترقی و خوشحالی کے ذریعے ہی بلوچستان میں پائیدار امن قائم کیا جاسکتا ہے۔ صوبے کے نوجوان اس وقت شدید مایوسی کا شکار ہیں جبکہ بیروزگاری بلوچستان کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ اگر نوجوانوں کو روزگار، تعلیم اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم نہ کئے گئے تو مسائل میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔کوئٹہ میں اپنے سب آفس میں پارٹی کارکنوں اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی ایک اہم اور قدرتی وسائل سے مالا مال اکائی ہے، مگر بدقسمتی سے یہاں کے عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ صوبے میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری، غربت اور احساس محرومی نے نوجوان نسل کو شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کردیا ہے، جس کے تدارک کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف دعوؤں اور اعلانات سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ حکومت کو عملی طور پر صنعتی ترقی، روزگار اسکیموں، فنی تعلیم اور کاروباری مواقع فراہم کرنے پر توجہ دینا ہوگی تاکہ نوجوان اپنے مستقبل کے حوالے سے پُرامید ہوسکیں۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں اور ملک کی ترقی و استحکام میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، اس لئے ضروری ہے۔کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں صوبے کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے مشترکہ اور سنجیدہ حکمت عملی اختیار کریں۔ سید امان شاہ نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے عوام کے حقوق کے حصول، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور صوبے میں امن و ترقی کے فروغ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل، تعلیم و صحت کی بہتری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے سے ہی عوام میں اعتماد بحال ہوسکتا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل کیلئے میدان میں متحرک رہیں اور عوام پاکستان پارٹی کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں تاکہ صوبے میں مثبت سیاسی ماحول کو فروغ دیا جاسکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.