کوئٹہ(زیبائے پاکستان) بلوچستان کی معروف سماجی، قانونی اور عوامی شخصیت ایڈوکیٹ ملک عنایت اللہ کاسی سے متعلق جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کی تاریخ ایسی شخصیات سے بھری پڑی ہے جنہوں نے اپنی زندگی عوامی خدمت، قانون کی بالادستی اور انسانیت کی فلاح کے لیے وقف کی، اور ایڈوکیٹ ملک عنایت اللہ کاسی بھی انہی شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔
بیان کے مطابق ایڈوکیٹ ملک عنایت اللہ کاسی کا تعلق کاسی قبیلے کے ایک معروف، علم دوست اور خدمت گزار خاندان سے ہے۔ وہ سابق وفاقی وزیر اور بزرگ سماجی و عوامی شخصیت ڈاکٹر عبدالمالک کاسی کے فرزند ہیں، جبکہ ان کے خاندان کی شناخت تعلیم، خدمتِ خلق، عوامی فلاح اور بلوچستان کی ترقی کے لیے مسلسل خدمات سے رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پیشہ ورانہ اعتبار سے ایڈوکیٹ ہونے کے باوجود انہوں نے وکالت کو صرف ذریعہ معاش نہیں بنایا بلکہ انصاف کی فراہمی اور مظلوم و نادار افراد کی قانونی معاونت کو اپنی ذمہ داری سمجھا۔ ان کے چیمبر کے دروازے ہمیشہ غریب، بے سہارا اور انصاف کے متلاشی افراد کے لیے کھلے رہے، جہاں متعدد ضرورت مند افراد کو قانونی معاونت فراہم کی گئی۔
بیان کے مطابق بلوچستان میں تباہ کن سیلاب کے دوران ایڈوکیٹ ملک عنایت اللہ کاسی نے متاثرین کی عملی مدد کی اور اپنے وسائل سے راشن، خیمے اور دیگر امدادی سامان متاثرہ علاقوں تک پہنچایا، جسے عوامی حلقوں نے سراہا۔
مزید کہا گیا ہے کہ 8 اگست کے المناک سانحے میں شہید ہونے والے وکلاء کے اہل خانہ کی معاونت کے لیے انہوں نے اپنے والد کے ہمراہ پانچ ایکڑ قیمتی زمین وقف کی، تاکہ شہداء کے ورثاء کی مستقل بنیادوں پر معاونت کی جا سکے۔ بیان میں اس اقدام کو ان کی انسان دوستی، وکلاء برادری سے وابستگی اور سماجی ذمہ داری کا مظہر قرار دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ایڈوکیٹ ملک عنایت اللہ کاسی کے گھر کے دروازے ہمیشہ ضرورت مند افراد، سائلین اور عوام کے لیے کھلے رہے ہیں اور وہ ہر ممکن حد تک لوگوں کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
بیان میں بلوچستان میں ہنہ (ببری) اور زیارت سمیت حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ بے گناہ شہریوں کا قتل ناقابل برداشت ہے اور ایسے واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
بیان کے مطابق بلوچستان میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں بعض عناصر کی جانب سے ایڈوکیٹ ملک عنایت اللہ کاسی کے خلاف مختلف نوعیت کا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، تاہم انہوں نے ان تمام الزامات سے واضح طور پر لاتعلقی اور تردید کا اظہار کیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ وہ کسی بھی ایسے فرد یا گروہ کی حمایت نہیں کر سکتے جو بلوچستان کے عوام کے امن، جان و مال یا مستقبل کے لیے نقصان دہ ہو۔ ان کے مطابق انہوں نے ہمیشہ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے اور آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ عوام کے درمیان رہیں گے۔
بیان کے آخر میں کہا گیا کہ کسی بھی شخصیت کے بارے میں رائے قائم کرنے سے قبل حقائق، شواہد اور اس کے عملی کردار کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ برسوں پر محیط عوامی، فلاحی اور قانونی خدمات کو نظرانداز کرتے ہوئے غیر مصدقہ اطلاعات یا افواہوں کی بنیاد پر فیصلہ کرنا نہ انصاف کے تقاضوں کے مطابق ہے اور نہ ہی معاشرتی ذمہ داری۔ اختلافِ رائے ہر معاشرے کا حسن ہے، تاہم کردار کشی اور بے بنیاد الزامات کسی مسئلے کا حل نہیں، اس لیے عوام کو تحقیق، دلیل اور مصدقہ معلومات کی بنیاد پر اپنی رائے قائم کرنی چاہیے۔
