
کوئٹہ (زیبائے پاکستان) کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں خصوصاً ارچر روڈ میں حجاموں کی جانب سے سرکاری نرخنامے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بیشتر دکانوں پر سرکاری ریٹ لسٹ موجود ہی نہیں جبکہ بال کٹوانے اور شیو بنانے کے من مانے نرخ وصول کیے جا رہے ہیں۔
عوامی حلقوں کے مطابق شہر کے کئی علاقوں میں بال کٹوانے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ حتیٰ کہ چھوٹے بچوں کے بال کاٹنے کے بھی 300 روپے تک وصول کیے جا رہے ہیں جو کہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخنامہ موجود ہونے کے باوجود اس پر عملدرآمد نظر نہیں آتا اور متعلقہ حکام بھی اس صورتحال پر خاموش دکھائی دیتے ہیں۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کوئٹہ شہر میں حجاموں کی جانب سے سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کا فوری نوٹس لیا جائے، دکانوں پر سرکاری ریٹ لسٹ آویزاں کرنے کے ساتھ ساتھ اس پر سختی سے عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے تاکہ غریب عوام کو مزید مالی بوجھ سے بچایا جا سکے۔
