
کوئٹہ/گوجرانوالہ (زیبائے پاکستان)آل پاکستان پاور ڈسٹری بیوشن ورکرز فیڈریشن کا پہلا مرکزی کنونشن گوجرانوالہ میں نہایت جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں سے وابستہ یونینز کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ کنونشن کے موقع پر ایک عظیم الشان جلسہ بھی منعقد کیا گیا، جس میں محنت کشوں نے اپنے اتحاد اور حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔ کنونشن کے دوران متفقہ طور پر 16 رکنی مرکزی کابینہ تشکیل دی گئی۔جس کے مطابق صدر عاشق خان (لیبر یونٹی آف آئیسکو)چیئرمین اقبال ڈار (گیپکو ہائیڈرو لیبر یونین) جنرل سیکرٹری پیر محمد کاکڑ (کیسکو لیبر یونین) چیف آرگنائزر مسرور خٹک (لیسکو ایمپلائز یونین) سینئر وائس چیئرمین محمد جان (ہزارہ کمپنی ایمپلائز یونین) وائس چیئرمین سائیں داد (سیپکو لیبر یونین) سینئر وائس پریزیڈنٹ ملک یوسف (لیسکو یونین) وائس پریزیڈنٹ عباس علی باجوہ (گیپکو ہائیڈرو ورکرز یونین) وائس پریزیڈنٹ سردار ریاست (آئیسکو یونین) جوائنٹ سیکرٹری سکندر حیات (آئیسکو یونین) ڈپٹی سیکرٹری مشتاق امین سیکرٹری اطلاعات ملک سعید جان لہڑی (کیسکو لیبر یونین)فنانس سیکرٹری محمد فیصل (آئیسکو یونین) کوآرڈینیٹر امداداللہ خان (ہزارہ کمپنی یونین) وائس چیئرمین زاہد عثمان (گیپکو یونین) اور وائس چیئرمین کریم بخش (سیپکو لیبر یونین) شامل ہیں۔ کنونشن سے صدر عاشق خان ، چیرمین اقبال ڈار، مرکزی سیکرٹری جنرل پیر محمد کاکڑ ، چیف آرگنائزر مسرور خان خٹک اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آل پاکستان پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیز ورکرز فیڈریشن کا قیام ایک تاریخی اور انقلابی اقدام ہے، جس کے ذریعے بجلی کمپنیوں کے ملازمین کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے حصول کیلئے ایک مضبوط اور مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیڈریشن کے قیام سے محنت کش طبقہ قابض مافیا، کرپشن اور ناانصافیوں کے خلاف مؤثر آواز بلند کر سکے گا۔ نو منتخب قیادت نے اپنے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے واضح کیا کہ فیڈریشن نجکاری جیسے اقدامات کی بھرپور مخالفت کرے گی اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو قومی ملکیت میں برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن جدوجہد کی جائے گی۔ اس کے علاوہ تمام کمپنیوں میں میرٹ اور ایمپلائز سنز کوٹہ کے تحت شفاف اور باقاعدہ بھرتیوں کو یقینی بنایا جائے گا۔ مقررین نے کہا کہ ڈسٹری بیوشن سسٹم میں اصلاحات لاتے ہوئے کرپشن اور کمیشن مافیا کا خاتمہ کیا جائے گا، جبکہ لائن اسٹاف کو جدید اور معیاری حفاظتی آلات کی فراہمی کو یقینی بنا کر ان کی قیمتی جانوں کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ خسارے میں چلنے والی کمپنیوں کو بہتر حکمت عملی کے ذریعے منافع بخش اداروں میں تبدیل کیا جائے گا۔ انھوں نےکہا کہ فیڈریشن کا پلیٹ فارم ملک بھر کے بجلی ملازمین کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر مؤثر کردار ادا کرے گا اور کسی بھی ناانصافی پر خاموش نہیں بیٹھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کے اتحاد میں ہی کامیابی پوشیدہ ہے اور یہی اتحاد اداروں کی بہتری اور ملکی ترقی کا ضامن بنے گا۔ کنونشن کے اختتام پر ملکی سلامتی، قومی اداروں کی ترقی اور محنت کشوں کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے اپنے حقوق کے حصول کیلئے متحد ہو کر جدوجہد جاری رکھیں گے۔
