
کوئٹہ (زیبائے پاکستان) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے پارٹی کے اندرونی اختلافات اور مرکزی و صوبائی قائدین پر لگائے جانے والے اس تاثر پر کہ انہوں نے پارٹی چیئرمین عمران خان کا ساتھ چھوڑ دیا ہے، گہرے تعجب اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ الزامات نہ صرف حقائق کے منافی ہیں بلکہ ان ہزاروں کارکنوں اور رہنماؤں کی قربانیوں کی نفی کے مترادف ہیں، جنہوں نے قائد کی رہائی اور نظریے کی بقا کیلئے بے مثال جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنان نے ہر مشکل وقت میں استقامت کا مظاہرہ کیا، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، اور بعض کارکنوں نے تو اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے شہادت کا عظیم درجہ حاصل کیا۔ سید صادق آغا نے کہا کہ ایسے حالات میں اگر قائد کی فیملی کی جانب سے حوصلہ شکن بیانات سامنے آئیں تو یہ کارکنان کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ جن لوگوں نے ہر محاذ پر پارٹی کا دفاع کیا، انہی کی وفاداری پر سوال اٹھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آج بھی پارٹی کے مرکزی قائدین اور ہزاروں کارکنان عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور ان کی رہائی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ایک مضبوط نظریے اور عوامی حمایت کی بنیاد پر قائم ہے، اور کسی بھی قسم کے منفی پروپیگنڈے سے اس کی جڑیں کمزور نہیں کی جا سکتیں۔ سید صادق آغا نے پارٹی کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کریں اور ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر پارٹی کے وسیع تر مفاد میں مل کر کام کریں تاکہ عمران خان کے وژن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔
