گیس کی بندش عوام پر بدترین ظلم ہے۔ میر رحیم جتک

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور معروف قبائلی شخصیت حاجی میر عبد الرحیم جتک نے گیس کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش کو عوام کے ساتھ بدترین ظلم قرار دیتے ہوئے محکمہ گیس کے جاری کردہ شیڈول کو یکسر مسترد کردیا ہے۔ اپنے ایک سخت ردعمل میں انہوں نے کہا کہ موسم گرما کی آمد کے باوجود گیس کی لوڈشیڈنگ نہ صرف ناقابلِ فہم ہے بلکہ اس سے شہریوں کی روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی مسلسل بندش نے بلوچستان خصوصاً کوئٹہ شہر کی صدیوں پرانی مہمان نوازی کی روایات کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے، کیونکہ گھروں میں گیس نہ ہونے کے باعث لوگ اپنے مہمانوں کی خاطر مدارت سے بھی قاصر ہیں۔ یہ صورتحال نہایت افسوسناک اور حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ حاجی میر عبد الرحیم جتک نے مزید کہا کہ کوئٹہ شہر سے منتخب ہونے والے 9 ایم پی ایز عوامی مسائل کے حل میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں، اس لیے وہ اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر اپنے عہدوں سے مستعفی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جو نمائندے گیس جیسے بنیادی مسئلے کو حل نہیں کرسکتے، وہ شہر کی تقدیر بدلنے کے دعوے کیسے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ گیس کی بلاجواز لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے اور بلوچستان کے عوام کو ان کا بنیادی حق فراہم کیا جائے، بصورت دیگر سخت احتجاجی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.