
کوئٹہ (زیبائے پاکستان) آل بلوچستان گرینڈ ٹرانسپورٹرز اتحاد اور پنجاب خیبرپختونخواہ بس یونین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ظاہر شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین عالمی منڈی کے مطابق کیا جانا چاہیے تاکہ عوام اور خصوصاً ٹرانسپورٹرز کو ریلیف مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مہنگا پٹرول عوام کے لیے ناقابل برداشت بوجھ بن چکا ہے۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ظاہر شاہ کاکڑ نے کہا کہ یہ ایک المیہ ہے کہ جنگ زدہ ممالک میں بھی عوام نسبتاً سکون کا سانس لے رہے ہیں، جبکہ وطن عزیز میں عوام مہنگائی، بدترین لوڈشیڈنگ اور لاک ڈاؤن جیسی مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث عام آدمی کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے اور روزمرہ اخراجات پورے کرنا بھی دشوار ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل کا سب سے زیادہ منفی اثر ٹرانسپورٹ سیکٹر پر پڑا ہے، جہاں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور کاروباری پابندیوں نے ٹرانسپورٹرز کو شدید مالی بحران میں مبتلا کردیا ہے۔ کئی ٹرانسپورٹرز اپنے کاروبار بند کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد بے روزگار ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ ظاهر شاہ کاکڑ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور ٹرانسپورٹ شعبے کے لیے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے تاکہ اس اہم شعبے کو تباہی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
