ڈائریکٹر جنرل محکمہ بہبودِ آبادی بلوچستان غلام مصطفیٰ ہانبھی سے سہارا ویلفیئر آرگنائزیشن بلوچستان کے چیئرمین پرنس الٰہی بخش کی اہم ملاقات
کوئٹہ(زیبائے پاکستان) ڈائریکٹر جنرل محکمہ بہبودِ آبادی بلوچستان غلام مصطفیٰ ہانبھی سے سہارا ویلفیئر آرگنائزیشن بلوچستان کے چیئرمین پرنس الٰہی بخش نے خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ورلڈ پاپولیشن ڈے کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریبات، عوامی آگاہی مہم اور بڑھتی ہوئی آبادی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ بہبودِ آبادی بلوچستان غلام مصطفیٰ ہانبھی نے کہا کہ رواں سال ورلڈ پاپولیشن ڈے پورے صوبے میں بھرپور جوش و خروش، قومی جذبے اور عوامی شرکت کے ساتھ منایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی سطح پر مرکزی تقریب کوئٹہ میں منعقد ہوگی، جبکہ ضلعی سطح پر بلوچستان کے تمام ضلعی صدر مقامات پر بھی مختلف تقریبات، سیمینارز، واکس، آگاہی پروگرامز اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ عوام میں صحت مند خاندان، ماں اور بچے کی صحت، خاندانی بہبود اور آبادی سے متعلق شعور کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ بہبودِ آبادی کی جانب سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور ورلڈ پاپولیشن ڈے کی کامیاب تقریبات کے انعقاد کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں۔
اس موقع پر سہارا ویلفیئر آرگنائزیشن بلوچستان کے چیئرمین پرنس الٰہی بخش نے محکمہ بہبودِ آبادی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ان کی تنظیم بھی ورلڈ پاپولیشن ڈے کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم اور دیگر مثبت سرگرمیوں میں بھرپور تعاون فراہم کرے گی تاکہ معاشرے میں صحت، تعلیم، خاندانی بہبود اور ذمہ دارانہ آبادی کے تصور کو فروغ دیا جا سکے۔
