کوئٹہ (زیبائے پاکستان)نواب نیاز احمد خان زہری کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ آپ بلوچستان کی ممتاز اور باوقار قبائلی شخصیت، نواب نوروز خان زہری کے پوتے اور شہید نواب امان اللہ خان زہری کے بڑے صاحبزادے ہیں۔ آپ نے اپنے عظیم والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے عوامی خدمت، اخلاص، بردباری اور انسان دوستی کو اپنی شخصیت کا نمایاں وصف بنایا ہے۔
نواب نیاز احمد خان زہری نہایت ملنسار، خوش اخلاق، رحم دل اور عوام کے دکھ درد کو اپنا دکھ سمجھنے والی شخصیت ہیں۔ ان کی سادگی، انکساری اور خلوص ہی وہ خوبیاں ہیں جنہوں نے انہیں عوام کے دلوں میں ایک منفرد مقام عطا کیا ہے۔ اقتدار، منصب اور قبائلی حیثیت کے باوجود ان کی شخصیت میں تکبر یا غرور کا شائبہ تک نظر نہیں آتا، بلکہ وہ ہر طبقۂ فکر کے لوگوں سے انتہائی محبت، احترام اور خندہ پیشانی سے ملتے ہیں۔
خواہ زہری کا علاقہ ہو یا ضلع جھل مگسی، عوام انہیں اپنا خیرخواہ، ہمدرد اور قابلِ اعتماد رہنما سمجھتی ہے۔ جب بھی کسی سماجی، قبائلی یا عوامی مسئلے کے حل کی بات آتی ہے تو زہری خاندان کا نام سب سے پہلے لیا جاتا ہے، کیونکہ یہ خاندان ہمیشہ امن، انصاف، بھائی چارے اور عوامی خدمت کی روشن روایات کا امین رہا ہے۔
قبائلی جرگوں، باہمی تنازعات اور اہم فیصلوں میں نواب نیاز احمد خان زہری کی رائے کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ ان کی متوازن سوچ، انصاف پسند مزاج، معاملہ فہمی اور دوراندیشی نے انہیں ایک باوقار نوجوان قبائلی رہنما کے طور پر نمایاں مقام دلایا ہے۔ لوگ ان کی دیانت، انصاف پسندی اور مثبت کردار سے متاثر ہو کر اعتماد کے ساتھ اپنے معاملات ان کے سپرد کرتے ہیں۔
مجھے نواب نیاز احمد خان زہری کے ساتھ ایک بہترین نشست میں شرکت کا موقع ملا۔ ان کی پُراثر گفتگو، اعلیٰ اخلاق، شائستگی اور عوامی خدمت کے جذبے نے مجھے ان کے والدِ محترم، شہید نواب امان اللہ خان زہری کی یاد تازہ کر دی، جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوام کی خدمت اور قبائلی روایات کے تحفظ کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
اللہ تعالیٰ نواب نیاز احمد خان زہری کو صحت، عزت، کامیابی اور درازیٔ عمر عطا فرمائے، انہیں ہمیشہ اسی جذبۂ خدمت کے ساتھ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کی توفیق دے، اور انہیں اپنے بزرگوں کی نیک روایات کو مزید فروغ دینے کی سعادت نصیب فرمائے۔ بے شک ایسی مخلص، باکردار، بااخلاق اور عوام دوست شخصیات ہمارے معاشرے کا قیمتی سرمایہ اور نوجوان نسل کے لیے بہترین مثال ہوتی ہیں۔
