
کوئٹہ(زیبائے پاکستان) سابق ناظم کوئٹہ اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما میر مقبول لہڑی نے صوبائی حکومت کی مجوزہ ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کی سخت مخالفت کرتے ہوئے اسے بلوچستان کے مقامی اخبارات اور آزاد صحافت کے خلاف ایک منظم سازش قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ چند مخصوص گروہی مفادات کے حصول کیلئے نہ صرف پرنٹ میڈیا پر قدغن لگانے کی کوشش کی جارہی ہے بلکہ لوکل اخبارات سے وابستہ سینکڑوں صحافیوں، کارکنوں، کمپوزرز، ڈسٹری بیوٹرز اور دیگر ملازمین کو بے روزگاری کے دلدل میں دھکیلنے کی راہ بھی ہموار کی جارہی ہے۔ میر مقبول لہڑی نے کہا کہ بلوچستان جیسے پسماندہ اور وسیع صوبے میں مقامی اخبارات عوامی مسائل، محرومیوں اور حکومتی کارکردگی کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے آئے ہیں۔ اگر حکومت نے یکطرفہ طور پر ایسی پالیسیاں نافذ کرنے کی کوشش کی تو اس کے نتیجے میں صوبے کی صحافتی آزادی شدید متاثر ہوگی جبکہ چھوٹے اور علاقائی اخبارات مکمل طور پر تباہی کے دہانے پر پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ میڈیا اداروں کو کمزور کرنے کے بجائے انہیں مضبوط بنانے کیلئے عملی اقدامات کرے تاکہ عوام تک درست اور بروقت معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے اکثر مقامی اخبارات پہلے ہی شدید مالی مشکلات، اشتہارات کی کمی اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث مشکلات کا شکار ہیں، ایسے حالات میں مجوزہ ڈیجیٹل میڈیا پالیسی جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہوگی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے اخباری صنعت کے خلاف اقدامات سے باز نہ آئی تو صحافتی تنظیمیں، سیاسی جماعتیں اور سول سوسائٹی بھرپور احتجاج پر مجبور ہوں گی۔ میر مقبول لہڑی نے کہا کہ اظہارِ رائے کی آزادی ہر جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے اور آزاد صحافت پر قدغن لگانا دراصل جمہوری اقدار کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر مجوزہ ڈیجیٹل میڈیا پالیسی واپس لے اور بلوچستان کے صحافیوں، ایڈیٹرز، اخباری مالکان اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ایسی پالیسی مرتب کرے جو میڈیا کے استحکام اور صحافی برادری کے تحفظ کا باعث بن سکے۔
