
کوئٹہ (زیبائے پاکستان) کوئٹہ میں ایرانی پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اور غیر معمولی اضافے نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ چند روز قبل تک ایرانی پیٹرول 250 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا، تاہم اب اس کی قیمت بڑھا کر 290 سے 310 روپے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔
تشویشناک امر یہ ہے کہ بعض مقامات پر دن میں دو مرتبہ بھی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔
پیٹرول کی قیمتوں میں اس بے قابو اضافے کے باعث نہ صرف ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ بھی مزید مہنگی ہوتی جا رہی ہیں، جس کا براہِ راست بوجھ عام شہریوں پر پڑ رہا ہے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیر داخلہ بلوچستان اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ ایرانی پیٹرول کی قیمتوں میں من مانے اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو مہنگائی کا یہ طوفان عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گا۔
