’پاکستانی خلا باز کا مشن قومی فخر کا عظیم لمحہ ہے‘، صدر مملکت اور وزیر اعظم کی قوم کو مبارکباد

0

اسلام آباد(زیبائے پاکستان) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے پہلے خلا باز مشن پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی خلائی پرواز میں پاکستان کی شرکت قومی فخر کا عظیم لمحہ ہے، یہ تاریخی پیش رفت سائنس، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے قومی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
صدر مملکت نے خلائی مشن کی تیاری اور کامیابی کے لیے سپارکو، سائنسدانوں اور انجینئرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور مشن پر روانہ ہونے والے خلا بازوں کے لیے کامیاب سفر اور بحفاظت واپسی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلائی سفر میں چین کا تعاون اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ تاریخی مشن پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے نئے امکانات کے دروازے کھولے گا، جبکہ اس دوران کیے جانے والے سائنسی تجربات تحقیق اور علم کے فروغ میں معاون ثابت ہوں گے۔

صدر مملکت نے کہا کہ انسانی خلائی پرواز میں شرکت تحقیق، سیکھنے اور جدت کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ خلائی تحقیق کے ذریعے زمین کو درپیش مختلف چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بھی مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اعتماد اور بلند عزم کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھیں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کی خلائی سفر پر روانگی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے آج ستاروں سے آگے کا سفر شروع کردیا، یہ صرف ایک خلاباز کا نہیں بلکہ چوبیس کروڑ پاکستانیوں کا سفر ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ یہ نوجوان نسل، سائنس دانوں اور قومی خوابوں کا سفر ہے۔ ذیشان اور خرم داؤد نے بےمثال محنت اور لگن سے تربیت مکمل کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا اگر آج ایک پاکستانی خلائی اسٹیشن پہنچ سکتا ہے تو کل چاند تک بھی پہنچے گا، کہا ہماری منزل ستاروں سے آگے ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان خواب دیکھنا کبھی نہ چھوڑیں، محنت جاری رکھیں اور پاکستان پر یقین رکھیں۔ پاکستان اور چین کی آہنی دوستی اب خلائی سفر میں بھی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ یہ مشن نئے پاکستان کی جانب بڑا قدم ہے، ہمارا نوجوان دنیا کی رہنمائی کرے گا۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے خلائی میدان میں اہم سنگِ میل عبور کرنے پر پوری قوم کو مبارک باد دی اور کہا کہ پہلے پاکستانی خلا باز ذیشان علی کو تاریخ رقم کرنے پر مبارک باد اور خراجِ تحسین ذیشان علی کی کامیابی پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ذیشان علی کا خلا میں پہنچنا 26 کروڑ پاکستانیوں کے لیے بے پناہ فخر، خوشی اور قومی اعزاز کا لمحہ ہے، آج ہمارا سبز ہلالی پرچم خلا میں بلند ہوا ہے، کل پاکستانی نوجوان چاند اور اس سے آگے کی منزلوں کے خواب حقیقت میں بدلیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.