چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا لائیو ای۔کچہری کا انعقاد

0

اسلام آباد(زیبائے پاکستان)بی آئی ایس پی میں سروے یا رجسٹریشن کی کوئی فیس نہیں یہ بالکل مفت ہے؛ سروے صرف اور صرف بی آئی ایس پی دفتر میں قائم ڈی آر سی پر ہوتا ہے؛ ایک مرتبہ سروے ہونے کے بعد 2 سال سے قبل دوسرا سروے ممکن نہیں؛ صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر نئے ادائیگی کے نظام میں انٹرآپریبلٹی متعارف کروائی؛ اب خواتین بینفشریز اپنی سہولت کے مطابق اپنی مرضی کے مجاز پارٹنر بینک کے ریٹیلر سے کبھی بھی رقم وصول کرسکتی ہیں

کوئی شخص اگر آپ کو پیسے روکنے کی دھمکی دے تو فوری طور پر بی آئی ایس پی شکایت کریں؛ بطور چیئرپرسن میرے پاس بھی کسی شخص کو پروگرام میں شامل کرنے یا اس کے پیسے روکنے کا اختیار نہیں ہے: سینیٹر روبینہ خالد

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے آج بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں پروگرام کے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے لائیو ای۔کچہری کا انعقاد کیا، جس میں ملک بھر سے 25 شہریوں نے ٹیلی فون پر اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ چیئرپرسن نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ موصول ہونے والی تمام شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے ان کی رپورٹ پیش کی جائے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے مستحق خواتین کو آگاہ کیا کہ بی آئی ایس پی کا ڈائنامک سروے بالکل مفت ہے، اس کے لیے نہ کوئی فارم ہے اور نہ ہی کوئی فیس وصول کی جاتی ہے۔ سروے صرف بی آئی ایس پی کے دفاتر میں قائم ڈائنامک رجسٹریشن سینٹرز (DRCs) میں ہوتا ہے۔ ایک مرتبہ سروے مکمل ہونے کے بعد دو سال سے پہلے دوبارہ سروے نہیں کروایا جا سکتا، لہٰذا خواتین بار بار دفاتر آنے سے گریز کریں۔
چیئرپرسن نے کہا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں بی آئی ایس پی مستحق خواتین تک ادائیگیوں کی محفوظ اور شفاف ترسیل کے لیے جدید ڈیجیٹل والٹ اور انٹرآپریبلٹی (Interoperability) کا نظام متعارف کروا دیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت خواتین کسی ایک شہر یا بینک کے ریٹیلر تک محدود نہیں ہیں بلکہ ملک کے کسی بھی شہر میں، کسی بھی وقت، چھ پارٹنر بینکوں کے کسی بھی مجاز ریٹیلر سے اپنی رقم وصول کر سکتی ہیں۔ ان بینکوں میں HBL، Habib Microfinance، Bank Alfalah، Telenor Microfinance، Bank of Punjab اور Mobilink/Jazz Bank شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب خواتین اپنی سہولت کے مطابق قریب ترین مجاز ریٹیلر سے رقم وصول کر سکیں گی۔
سینیٹر روبینہ خالد نے واضح کیا کہ رقم وصول کرنے کے لیے اصل شناختی کارڈ اور بائیومیٹرک تصدیق لازمی ہے۔ ادائیگی ڈیجیٹل والٹ میں منتقل ہونے پر متعلقہ بینک کی جانب سے بینظیر سم پر تصدیقی پیغام موصول ہوگا، جبکہ رقم نکلوانے کے بعد دوسرا پیغام موصول ہوگا جس میں وصول شدہ رقم کی تفصیلات درج ہوں گی۔ انہوں نے خواتین کو ہدایت کی کہ دونوں پیغامات محفوظ رکھیں اور رقم وصول کرتے وقت اپنا موبائل فون کسی ریٹیلر یا دوسرے شخص کے حوالے نہ کریں تاکہ کوئی ان کے پیغامات delete نہ کر سکے۔
چیئرپرسن نے کہا کہ اگر کسی خاتون کو پوری رقم ادا نہ کی جائے یا غیر قانونی کٹوتی کی جائے تو وہ فوری طور پر بی آئی ایس پی کے قریبی دفتر میں شکایت درج کروائیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ شکایت موصول ہونے پر ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو بھی مستحق خواتین کی رقم روکنے کا حق نہیں اور بطور چیئرپرسن انہیں بھی کسی فرد کو ذاتی طور پر پروگرام میں شامل کرنے یا کسی کی ادائیگی روکنے کا اختیار حاصل نہیں۔
آخر میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نام سے منسوب ہے، جو بہادری، جرات اور حوصلے کی علامت تھیں۔ انہوں نے مستحق خواتین پر زور دیا کہ وہ بھی ان کی بہادری سے حوصلہ حاصل کریں، اپنے حقوق سے آگاہ رہیں اور کسی بھی ناانصافی یا غیر قانونی کٹوتی کے خلاف بلاخوف آواز بلند کریں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.