کوئٹہ(زیبائے پاکستان) سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کوئٹہ کے صارفین کو مبینہ طور پر بھاری گیس بل بھیجنے پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان اور متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
صارفین کے مطابق کوئٹہ میں گیس کی فراہمی کی صورتحال پہلے ہی خراب ہے اور کئی علاقوں میں گیس پائپ لائنوں سے مناسب گیس نہیں مل رہی، جبکہ دوسری جانب انتہائی کم یونٹ استعمال کرنے کے باوجود ہزاروں روپے کے بھاری بل بھیجے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کے صرف 26 یونٹ استعمال کرنے پر 18 ہزار 410 روپے کا بل بھیجنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان کے مطابق جب ابھی سردی کا موسم بھی پوری طرح شروع نہیں ہوا تو اتنے بھاری بلوں نے گھریلو صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
صارفین نے الزام عائد کیا ہے کہ 100 یونٹ سے کم گیس استعمال کرنے والوں کو بھی 18 ہزار روپے سے زائد کے بل بھیجنا عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ گیس بلوں میں شامل چارجز، ٹیرف اور میٹر ریڈنگ کی شفاف جانچ کی جائے اور اگر بلوں میں کوئی غلطی یا بے ضابطگی سامنے آئے تو اس کی فوری اصلاح کی جائے۔
