
کوئٹہ (زیبائے پاکستان) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سنئیر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے عالیہ حمزہ کی مبینہ اغواء نما گرفتاری، انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کرنے اور بچوں سے ملاقات کے دوران غیر انسانی سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ آئین و قانون کی بھی کھلی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاتون کے ساتھ اس طرح کا رویہ اختیار کرنا کسی مہذب معاشرے کے شایانِ شان نہیں۔ سیاسی اختلافات کو ذاتی انتقام میں بدلنا جمہوری اقدار کے منافی ہے اور اس سے ملک میں عدم برداشت اور انتشار کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی عزت و وقار کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، مگر افسوس کہ یہاں سیاسی بنیادوں پر انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سید صادق آغا نے کہا کہ عالیہ حمزہ کو بچوں سے ملاقات کے دوران جس غیر انسانی سلوک کا سامنا کرنا پڑا، وہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ تشویش ہے۔ ایسے اقدامات سے ریاستی اداروں کی ساکھ متاثر ہوتی ہے اور عوام کا اعتماد مجروح ہوتا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اس واقعے کا نوٹس لے، عالیہ حمزہ کو انصاف فراہم کرے اور اس غیر قانونی و غیر انسانی اقدام میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس طرح کے واقعات کا سلسلہ نہ رکا تو ملک میں جمہوری عمل کو شدید نقصان پہنچے گا۔
