توانائی بچت کے نام پر تعلیم کا گلا گھونٹا جا رہا ہے۔ خوشحال کاسی

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی جنوبی پشتونخوا کے صوبائی سیکرٹری فقیر خوشحال کاسی نے توانائی کی بچت کی آڑ میں تعلیمی اداروں کی بندش کے حکومتی فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے تعلیم دشمن اقدام قرار دیا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف طلبہ و طالبات کے تعلیمی مستقبل سے کھلواڑ ہے بلکہ پشتون بلوچ صوبے کو مزید تعلیمی پستی کی جانب دھکیلنے کی ایک منظم سازش بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ہی صوبہ تعلیمی سہولیات کی کمی، اساتذہ کی قلت اور بنیادی ڈھانچے کے مسائل کا شکار ہے، ایسے میں تعلیمی اداروں کی بندش سے حالات مزید خراب ہوں گے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ توانائی بحران کے حل کیلئے متبادل اقدامات کرے، نہ کہ تعلیمی سرگرمیوں کو مفلوج بنا کر نئی نسل کو اندھیروں میں دھکیلے۔
فقیر خوشحال کاسی نے خبردار کیا کہ اگر یہ فیصلہ فوری طور پر واپس نہ لیا گیا تو پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اس کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوگی۔ انہوں نے والدین، اساتذہ اور طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اس تعلیم دشمن پالیسی کے خلاف متحد ہوکر آواز بلند کریں تاکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.