
کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پنجاب خیبرپختونخوا بس یونین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور معروف ٹرانسپورٹر ظاہر شاہ کاکڑ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کی خبروں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں قیمتوں میں اضافہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے جبکہ ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ ایسے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ٹرانسپورٹرز کو مکمل طور پر دیوالیہ کرنے کے مترادف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بار بار اضافہ نہ صرف کرایوں میں اضافے کا سبب بنتا ہے بلکہ اس کے اثرات براہ راست عام آدمی پر پڑتے ہیں۔ اشیائے خوردونوش، روزمرہ استعمال کی اشیاء اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتیں بھی بڑھ جاتی ہیں، جس سے غریب طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے۔ ظاہر شاہ کاکڑ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجوزہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو خصوصی ریلیف دیا جائے تاکہ یہ شعبہ مزید نقصان سے بچ سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے عوام اور ٹرانسپورٹرز کے مسائل کو نظرانداز کیا تو ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔
