ملک کی شاہ رگ لہولہان ہے، حکومت طاقت کے استعمال کے بجائے آئینی و جمہوری راستہ اختیار کرے: سینیٹر کامران مرتضیٰ
اسلام آباد(زیبائے پاکستان) جمعیت وکلاء فورم پاکستان کے مرکزی صدر، سینیٹر کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے راولاکوٹ سے مظفرآباد لانگ مارچ کے شرکاء پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہتے شہریوں پر گولیاں چلانا کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں اور یہ حکومت کی ناکامی اور جبر کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں بھی بلوچستان اور خیبر پختونخوا جیسے حالات پیدا کرنے کی کوششیں انتہائی تشویشناک ہیں۔ حکومت اختلافِ رائے کو طاقت کے ذریعے دبانے کے بجائے آئینی، جمہوری اور سیاسی طریقۂ کار اختیار کرے۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ پورے پاکستان، تمام صوبوں اور آزاد جموں و کشمیر میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے اور عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات، آئین کی پاسداری اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ راولاکوٹ سے مظفرآباد لانگ مارچ کے دوران فائرنگ کے واقعے کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور فوری تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
