کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے شہداء زیارت دھرنا اور حکومت کے درمیان جاری ڈیڈ لاک پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی تاحال تدفین نہ ہونا نہ صرف انسانی اور اسلامی اقدار کے منافی ہے بلکہ اس سے شہداء کے لواحقین کے رنج و غم میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام میں میت کی جلد از جلد تدفین کی تلقین کی گئی ہے، کیونکہ تدفین کے بعد اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر و استقامت عطا فرماتے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں شہداء کے اہل خانہ شدید ذہنی اذیت اور کرب سے گزر رہے ہیں، جس کا احساس حکومت سمیت تمام متعلقہ فریقین کو ہونا چاہیے۔ سید صادق آغا نے کہا کہ موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ دونوں جانب سے برداشت، تحمل اور افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کیا جائے۔ معاملات کو ضد اور ہٹ دھرمی کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ہی قومی مفاد میں ہے۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ ظرفی، فراخ دلی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہداء کے ورثاء کے جائز مطالبات کو سنجیدگی سے تسلیم کرے تاکہ اس انسانی المیے کا فوری خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان پہلے ہی بدامنی، دہشت گردی اور مختلف بحرانوں کا شکار ہے، ایسے حالات میں عوام کو مزید آزمائش میں مبتلا کرنے کے بجائے ایسے فیصلے کیے جائیں جو اتحاد، قومی یکجہتی اور عوام کے اعتماد کو مضبوط بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء پوری قوم کا مشترکہ سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کے احترام، وقار اور لواحقین کی دلجوئی کو ہر حال میں یقینی بنایا جانا چاہیے۔ سید صادق آغا نے حکومت اور دھرنے کی قیادت سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے موجودہ تعطل کا خاتمہ کریں تاکہ شہداء کی باوقار تدفین عمل میں لائی جا سکے، لواحقین کے غم میں کمی آئے اور صوبے میں ہم آہنگی اور اعتماد کی فضا بحال ہو سکے۔
