کوئٹہ : ملک احمد شاہ اسٹریٹ میں پانی کا بحران سنگین، بورنگ خراب، شہری ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر، حکام کی خاموشی سوالیہ نشان
کوئٹہ(زیبائے پاکستان )ملک احمد شاہ اسٹریٹ نزد سلمان فارسی مسجد میں پانی کی بورنگ گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے خراب پڑی ہے، مگر متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت اور مسلسل عدم توجہی کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ پانی جیسی بنیادی ضرورت کے لیے بھی علاقہ مکینوں کو دربدر ہونا پڑ رہا ہے، جبکہ حکام کی خاموشی نے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بورنگ کی خرابی کوئی ایک دو دن کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، لیکن متعلقہ محکمے اور ذمہ دار حکام عملی اقدامات کے بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ شہریوں کا الزام ہے کہ پانی کی عدم فراہمی کے باعث انہیں مہنگے داموں ٹینکر خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے اور علاقہ عملاً ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
علاقہ مکینوں نے ایم پی اے میر لیاقت لہڑی اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ محض یقین دہانیوں کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں، خراب بورنگ کو فوری طور پر بحال کیا جائے اور شہریوں کو ٹینکر مافیا کے رحم و کرم سے نجات دلائی جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پانی عوام کا بنیادی حق ہے، کسی مافیا کی کمائی کا ذریعہ نہیں۔
