لاہور(زیبائے پاکستان)پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اداکار فواد خان اور ماہرہ خان ایک بار پھر اپنی شاندار اداکاری کے ساتھ ناظرین کے سامنے آنے کے لیے تیار ہیں۔ دونوں اداکاروں کا مرکزی کرداروں پر مشتمل ڈرامہ ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے جا رہا ہے۔
رومانوی کہانی پر مبنی اس ڈرامے کی ریلیز 4 دسمبر 2026 کو شیڈول ہے۔ یہ معروف مصنفہ فرحت اشتیاق کے مقبول اردو ناول ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پر مبنی ہے۔ اس پراجیکٹ کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی ڈرامہ سیریز قرار دیا جا رہا ہے۔
ڈرامے کی کاسٹ میں فواد خان اور ماہرہ خان کے علاوہ صنم سعید، احد رضا میر، حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، اقرا عزیز، بلال اشرف، مایا علی اور خوشحال خان سمیت متعدد معروف پاکستانی اداکار شامل ہیں۔
ڈرامے کی کہانی سکندر شہریار نامی ہارورڈ یونیورسٹی کے قانون کے طالب علم کے گرد گھومتی ہے جو زندگی میں پیش آنے والے ایک بڑے واقعے کے بعد جذباتی طور پر خود کو دوسروں سے الگ کر لیتا ہے۔
اس کی زندگی اس وقت ایک نیا رخ اختیار کرتی ہے جب اٹلی میں اس کی ملاقات لیزا نامی ایک فنکارہ سے ہوتی ہے جو خود بھی زندگی کے جذباتی مسائل اور مشکلات سے گزر رہی ہوتی ہے۔
دونوں کرداروں کے درمیان پروان چڑھنے والا تعلق محبت، جذباتی صدمات، بحالی اور انسانی رشتوں کی پیچیدگیوں کو اجاگر کرتا ہے۔ ڈرامے کی تشہیری تفصیلات کے مطابق اس کی کہانی تین نسلوں اور محبت کی چھ مختلف داستانوں پر مشتمل ہے۔
ڈرامے کی کہانی، ہدایت کاری اور پروڈکشن معروف پروڈیوسر مومنہ درید نے انجام دی ہیں جو اس سے قبل ’ہمسفر‘، ’زندگی گلزار ہے‘، ’داستان‘ اور ’سنو چندا‘ جیسے کامیاب ڈرامے پیش کر چکی ہیں۔ سیریز کی عکس بندی پاکستان، اٹلی اور برطانیہ کے مختلف مقامات پر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سیریز کی ریلیز ابتدائی طور پر 2025 میں متوقع تھی تاہم مقررہ وقت پر اسے جاری نہیں کیا گیا۔ اس کے بعد طویل عرصے تک نہ تو پروڈیوسرز اور نہ ہی فنکاروں کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے آیا جس کے باعث اس منصوبے کے مستقبل سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں گردش کرتی رہیں۔
