احمدخان اچکزئی
قارئین کرام، پاکستان کی سیاست میں جب بھی کوئی بڑی حکومت مخالف تحریک اٹھتی ہے تو سب سے پہلا سوال یہی گونجتا ہے کہ اس کا پے رول کہاں سے چل رہا ہے ایک رائے یہ ہے کہ ایسی تحریکوں کے پیچھے بیرونی فنڈنگ کارفرما ہوتی ہے اور اس نقطہ نظر کے حامی جلسوں کے اخراجات سوشل میڈیا کی مہمات اور تنظیمی سرگرمیوں کا حوالہ دے کر پوچھتے ہیں کہ اتنا بڑا بندوبست بغیر بھاری سرمائے کے کیسے ممکن ہے دوسری رائے اس کے بالکل برعکس ہے جس کے مطابق عوامی احتجاج کی جڑیں باہر نہیں بلکہ اندر کی تلخ حقیقتوں میں پیوست ہیں مہنگائی کی چکی میں پستا عام آدمی بے روزگاری کی مایوسی اور نظام میں موجود ناانصافی جب حد سے بڑھ جاتی ہے تو سڑکوں پر نکلنے کے لیے کسی بیرونی پیسے کی ضرورت نہیں رہتی بلکہ لوگوں کا اپنا جمع شدہ غصہ ہی سب سے بڑا ایندھن بن جاتا ہے بحث یہیں نہیں رکتی بلکہ سوال کا دائرہ تحریکوں سے آگے بڑھ کر ریاست تک جا پہنچتا ہے کہ کیا ریاست بھی کسی پے رول پر چلتی ہے ایک رائے یہ ہے کہ جب کوئی ریاست کسی طاقتور ملک سے مالی امداد قرضے اسلحہ اور ڈالر لیتی ہے تو اس کے فیصلوں کی آزادی خود بخود محدود ہو جاتی ہے اور وہ اپنے مفادات سے زیادہ دینے والے کی ترجیحات کو دیکھنے پر مجبور ہوتی ہے جبکہ دوسری رائے یہ کہتی ہے کہ عالمی سیاست میں کمزور یا ترقی پذیر ممالک کا بڑے ممالک سے تعلق رکھنا ایک سفارتی اور معاشی مجبوری ہے مگر اسے پے رول قرار دینا حقیقت کو سادہ بنانے کے مترادف ہے ہر ملک اپنی بقا اور تحفظ کے لیے توازن قائم رکھتا ہے اور موقع ملنے پر اپنی بساط کے مطابق اپنا کھیل بھی کھیلتا ہے اس پورے مکالمے میں ایک اور الجھن یہ ہے کہ وہ طاقتور بیرونی قوت آخر ہے کون اس حوالے سے بھی رائے منقسم نظر آتی ہے کوئی امریکہ کا نام لیتا ہے تو کوئی چین کو مرکز قرار دیتا ہے کہیں برطانیہ کا ذکر آتا ہے کہیں عرب ممالک کی بات ہوتی ہے اور کہیں بھارت کے کردار کو زیر بحث لایا جاتا ہے مگر اصل اور بنیادی سوال وہ ہے جو فکری کتابوں میں سنجیدگی سے اٹھایا جاتا ہے کہ کیا پاکستان میں ہونے والی ہر پیش رفت کا ریموٹ کنٹرول باہر ہے یا ہم خود بھی اپنی کمزوریوں کوتاہیوں اور غلط پالیسیوں کے برابر کے ذمہ دار ہیں جب ہم اس سوال کی گہرائی میں اترتے ہیں تو یہ نکتہ سامنے آتا ہے کہ پے رول کی دو صورتیں ہو سکتی ہیں ایک ڈالر والا پے رول جس میں براہ راست مالی فائدہ یا مفاد شامل ہوتا ہے اور دوسرا سوچ والا پے رول جو کہیں زیادہ گہرا اور خطرناک ہے اس سوچ والے پے رول میں لوگوں کو ہر بار نقد رقم دینے کی ضرورت نہیں پڑتی بلکہ بیانیوں مفروضوں اور ذہنی سمت کے ذریعے سوچ کو اس نہج پر ڈھال دیا جاتا ہے کہ فرد خودبخود وہی زبان بولنے لگتا ہے جو کسی بیرونی ایجنڈے یا مفاد سے ہم آہنگ ہو اگر ہم اپنے معاشرے کا دیانتداری سے جائزہ لیں تو یہ حقیقت نظر آتی ہے کہ ہر احتجاج کو محض بیرونی سازش قرار دینا اپنی داخلی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے مترادف ہے اور ہر فیصلے کو محض داخلی خودمختاری کا نام دینا بیرونی دباؤ اور معاشی انحصار سے آنکھیں چرانے کے برابر ہے اصل المیہ یہی ہے کہ ہم نے اپنے مسائل کی ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے ہر بحران کا ذمہ دار کسی نادیدہ ہاتھ کو ٹھہرانے کی عادت اپنا لی ہے جس سے خود احتسابی کا عمل کمزور پڑتا ہے اگر ہم واقعی ایک مضبوط اور باوقار معاشرہ چاہتے ہیں تو ہمیں ڈالر اور سوچ دونوں کے پے رول سے آزاد ہونا ہوگا اپنی معیشت کو مضبوط کرنا ہوگا انصاف اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہوں گے اور سب سے بڑھ کر اپنی سوچ کو آزاد اور تنقیدی بنانا ہوگا تاکہ ہم کسی بیرونی بیانیے کے اسیر بننے کے بجائے اپنی حقیقتوں کا سامنا جرات اور تدبر کے ساتھ کر سکیں کیونکہ جب قومیں اپنی غلطیوں سے سیکھتی ہیں اور اپنی سوچ کی باگ ڈور خود سنبھالتی ہیں تو پھر کوئی بیرونی طاقت انہیں آسانی سے اپنے تابع نہیں کر سکتی اور یہی وہ راستہ ہے جو ہمیں حقیقی آزادی اور خود انحصاری کی طرف لے جا سکتا ہے بشرطیکہ ہم نعروں اور الزام تراشی سے نکل کر عملی اصلاح اور فکری خودداری کو اپنی ترجیح بنائیں ورنہ تاریخ ہمیں اسی الجھن میں کھڑا پائے گی جہاں ہم دوسروں کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے اپنا قیمتی وقت اور توانائیاں گنوا بیٹھتے ہیں اور یہ بات جتنی جلد سمجھ لی جائے اتنا ہی ملک اور قوم کے حق میں بہتر ہوگا۔
