احمد خان اچکزئی،
وظیفہ مت ڈھونڈو یقین ڈھونڈو،
محترم قارئین مولانا روم اور گڈریا کا یہ واقعہ صرف ایک کہانی نہیں بلکہ ایمان یقین اخلاص اور توکل کی ایک ایسی زندہ حقیقت ہے جو آج بھی ہمارے معاشرے کے ہر فرد کے لیے ایک آئینہ ہے، مولانا روم کے پاس ایک سادہ سا گڈریا آیا اور اس نے نہایت عاجزی سے عرض کیا کہ مولانا صاحب مجھے کوئی ایسا وظیفہ بتائیں جس سے میرا روز کا خرچ بچ جائے، میں روزانہ نہر عبور کرنے کے لیے کشتی والے کو ریوڑ کے دو آنے دیتا ہوں، اگر کوئی ایسا وظیفہ مل جائے کہ میں دریا کو پیدل پار کر سکوں تو میری بڑی مشکل آسان ہو جائے گی، مولانا نے اس کی سادگی کو دیکھا اور نہایت محبت سے فرمایا کہ بیٹا تم بسم اللہ پڑھ کر ریوڑ سمیت دریا میں چلے جاؤ اللہ تمہیں پار کرا دے گا، گڈریا نے نہ کوئی سوال کیا نہ دلیل مانگی نہ شک کیا نہ یہ کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے، اس نے صرف اتنا کہا کہ مولانا صاحب آپ نے کہہ دیا بس ہو گیا، یہی وہ جملہ تھا جس میں پورا ایمان چھپا ہوا تھا، دوسرے دن گڈریا دریا کے کنارے پہنچا کشتی والے نے حسب معمول دو آنے مانگے تو گڈریا نے مسکرا کر کہا کہ آج نہیں دوں گا آج مولانا نے مجھے وظیفہ دیا ہے، اس نے دل کی گہرائیوں سے بسم اللہ پڑھی اور ریوڑ سمیت دریا میں اتر گیا، اللہ کی قدرت سے دریا نے اس کے لیے راستہ چھوڑ دیا، پانی نے اس کے پاؤں کو بھی نہیں چھوا، ریوڑ بھی بخیریت پار ہو گیا اور گڈریا بھی پار ہو گیا، اس کے دو آنے بھی بچ گئے اور اس کا ایمان اور بھی مضبوط ہو گیا، وہ خوشی سے دوڑتا ہوا واپس مولانا کے پاس آیا اور کہنے لگا کہ مولانا صاحب کمال ہو گیا میں بسم اللہ پڑھ کر دریا پار کر گیا، مولانا نے مسکرا کر فرمایا کہ یہی یقین کی طاقت ہے، لیکن اسی لمحے مولانا کے دل میں ایک انسانی خیال آیا کہ اگر ایک سادہ گڈریا بسم اللہ پڑھ کر پار ہو سکتا ہے تو میں تو مولانا ہوں میں کیوں پار نہیں ہو سکتا، مولانا بھی دریا کے کنارے گئے انہوں نے بھی بسم اللہ پڑھی اور دریا میں قدم رکھا مگر وہ ڈوبنے لگے، پانی پہلے گھٹنوں تک آیا پھر کمر تک آیا پھر گلے تک آ گیا، کنارے پر کھڑا گڈریا چلایا کہ مولانا صاحب آپ بسم اللہ زبان سے پڑھ رہے ہیں میں بسم اللہ دل سے پڑھتا ہوں، مولانا واپس نکل آئے ان کے کپڑے بھیگے ہوئے تھے لیکن ان کی آنکھیں کھل چکی تھیں، انہوں نے کہا کہ گڈریے تو نے آج مجھے سب سے بڑا سبق پڑھا دیا، یہی تو ساری بات ہے، گڈریا کا بسم اللہ دل کا تھا مولانا کا بسم اللہ زبان کا تھا، گڈریا نے بسم اللہ پر یقین کیا تھا مولانا نے بسم اللہ کو آزمایا تھا، گڈریا نے کہا تھا کہ مولانا نے کہہ دیا بس ہو گیا مولانا نے سوچا تھا کہ دیکھتا ہوں ہوتا ہے یا نہیں، فرق صرف یقین اور آزمائش کا تھا، اور یہاں ایک اور بہت بڑا راز بھی چھپا ہوا ہے کہ ریوڑ کے اتفاق یک سوئی اور چرواہے کے یقین محکم کی وجہ سے دریا عبور ہوا جبکہ مولانا کو کہنے تک یقین تھا، ریوڑ نے اپنے چرواہے کے پیچھے کوئی سوال نہیں کیا، کسی نے ادھر ادھر نہیں دیکھا، کسی نے اپنی مرضی نہیں کی، سب ایک ہی سمت میں ایک ہی یقین کے ساتھ چلے تو دریا نے راستہ دے دیا، چرواہے کا یقین محکم تھا اور ریوڑ کا اتفاق کامل تھا، اسی لیے پار ہونا آسان ہو گیا، مولانا تنہا تھے، ان کے دل میں آزمائش تھی، ان کے ذہن میں سوال تھا، اس لیے پانی نے ان کو پکڑ لیا، آج ہمارا معاشرہ بھی بالکل یہی کر رہا ہے، ہم ہر چیز کو آزماتے ہیں، ہم کہتے ہیں کہ نماز پڑھ کر دیکھتا ہوں کچھ ملتا ہے یا نہیں، دعا کر کے دیکھتا ہوں قبول ہوتی ہے یا نہیں، بسم اللہ پڑھ کر کاروبار کر کے دیکھتا ہوں چلتا ہے یا نہیں، ہم یقین نہیں کرتے ہم آزمائش کرتے ہیں، اور جو اللہ کو آزماتا ہے وہ ڈوب جاتا ہے جیسے مولانا ڈوبنے لگے تھے، لیکن جو اللہ پر یقین کرتا ہے وہ گڈریا کی طرح دریا بھی پار کر جاتا ہے، آج بلوچستان کا نوجوان بھی یہی پوچھ رہا ہے کہ مولانا صاحب مجھے کوئی وظیفہ بتائیں میرا کام ہو جائے، میری نوکری لگ جائے، میرا کاروبار چل جائے، میرا گھر آباد ہو جائے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ وظیفہ زبان پر نہیں ہوتا وظیفہ دل میں ہوتا ہے، بسم اللہ صرف پڑھنے کا نام نہیں ہے بسم اللہ پر چلنے کا نام ہے، بسم اللہ کا مطلب ہے کہ میں اللہ کے نام سے شروع کرتا ہوں اللہ ہی پار کرائے گا، جس آدمی نے بسم اللہ دل سے پڑھی اس کے لیے دریا بھی راستہ دے دیتا ہے، جس آدمی نے بسم اللہ صرف زبان سے پڑھی اس کے لیے چھوٹی سی نہر بھی دریا بن جاتی ہے، اس لیے آج سے ایک اصول بنا لیں کہ وظیفہ مت ڈھونڈو یقین ڈھونڈو، کیونکہ وظیفہ گڈریا کو بھی دیا گیا تھا مولانا کو بھی معلوم تھا لیکن پار صرف وہ ہوا جس کو یقین تھا، منرل زمین میں ہے امن مائنڈ میں ہے اور یقین بھی مائنڈ میں ہے، جس مائنڈ میں یقین ہوگا اس کا دریا بھی سوکھ جائے گا، جس مائنڈ میں شک ہوگا وہ چھوٹی سی نہر میں بھی ڈوب جائے گا، اگر ہم نے اپنے دل میں یہ یقین پیدا کر لیا کہ اللہ ہمارے ساتھ ہے اللہ ہمارا کارساز ہے اللہ ہی رزق دینے والا ہے اللہ ہی عزت دینے والا ہے تو پھر کوئی دریا کوئی مشکل کوئی پریشانی کوئی دشمن ہمارا راستہ نہیں روک سکتا، بلوچستان کی زمین میں معدنیات ہیں پاکستان کی مٹی میں برکت ہے نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہنر ہے دلوں میں ایمان ہے، بس ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم زبان کے وظیفے سے نکل کر دل کے یقین تک پہنچیں اور ریوڑ کی طرح اتفاق اور یک سوئی پیدا کریں، کیونکہ قومیں وظیفوں سے نہیں یقین سے بنتی ہیں، کامیابی آزمائش سے نہیں توکل سے ملتی ہے، اور دریا وہی پار کرتا ہے جو بسم اللہ دل سے پڑھتا ہے اور جس کے ساتھ اس کا پورا قافلہ ایک یقین پر چلتا ہے۔
