کوئٹہ(زیبائے پاکستان)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سید امان شاہ نے بلوچستان میں بارڈرز کی بندش کو بیروزگاری میں اضافے کا بڑا سبب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بارڈرز کی بندش نے صوبے کی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک پسماندہ صوبہ ہے جہاں روزگار کے مواقع پہلے ہی نہ ہونے کے برابر ہیں۔ بارڈرز کی بندش کے بعد ہزاروں تاجر، مزدور، ٹرانسپورٹرز اور چھوٹے کاروبار سے وابستہ افراد بے روزگار ہو گئے ہیں۔سید امان شاہ نے کہا کہ بارڈر سے وابستہ تجارت صرف کاروبار نہیں بلکہ لاکھوں خاندانوں کی روزی روٹی کا ذریعہ ہے۔ جب بارڈر بند ہوتا ہے تو صرف سرحد نہیں بند ہوتی بلکہ گھروں کے چولہے بھی بجھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارڈرز کی بندش سے مہنگائی میں بھی اضافہ ہوا ہے، اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور عام آدمی دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے۔ نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لیے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔ صوبائی صدر نے کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین کی جانب سے اس حوالے سے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مثبت اور عوام دوست اقدام ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس اعلان پر جلد عملدرآمد ہوگا اور بارڈرز کو باقاعدہ طریقے سے کھولا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے حقوق کی بات کرتی رہی ہے اور کرتی رہے گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ بارڈر تجارت کو قانونی، منظم اور شفاف بنایا جائے تاکہ عوام کو روزگار بھی ملے اور ریاست کو بھی فائدہ ہو۔ سید امان شاہ نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بارڈرز کو فوری طور پر کھولا جائے، بارڈر سے متاثرہ خاندانوں کو خصوصی ریلیف پیکیج دیا جائے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو مزید نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ بارڈرز کی بحالی سے صوبے میں امن، خوشحالی اور ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔
