مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے گرفتار، کارکن قیادت کی ہدایات کا انتظار کریں، ترجمان

0

اسلام آباد(زیبائے پاکستان) ترجمان جے یو آئی کے بیان کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے کو گرفتار کرلیا گیا۔
میڈیا سیل جے یو آئی پاکستان سے جاری بیان کے مطابق ترجمان جمعیت علمائے اسلام نے کہا ہے کہ حکومتی فسطائیت کا سلسلہ جاری ہے اور جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ترجمان اسلم غوری کے مطابق انتظامیہ نے اہل خانہ کوگھر سے نکال کر اسے سیل کردیا ہے ، جس کے بعد اہل خانہ وہاں سے روانہ ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظلم و جبر میں میاں شہباز شریف حکومت نے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

انہوں نے بیان میں کہا ہے کہ قائد جمعیت نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اشتعال میں نہ آئیں ، ہم صبر وتحمل سے جبر کا مقابلہ کریں گے۔ کارکن پارٹی قیادت کی ہدایات کا انتظار کریں۔

ظلم کی بھی حد ہوتی ہے، اتنا کریں جتنا کل برداشت کر سکیں، ترجمان جے یو آئی

جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان نے کہا ہے کہ ظلم کی بھی حد ہوتی ہے، اتنا کریں جتنا کل برداشت کر سکیں۔

اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کے گھر کو سیل کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ کا گھیراؤ اور خواتین و بچوں کو ہراساں کرنا حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ انہوں نے حکومتی اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کے مطابق مولانا فضل الرحمان لاہور میں نظر بند ہیں، جبکہ اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ کا پولیس کی جانب سے گھیراؤ اور گھر میں موجود خواتین و بچوں کو ہراساں کرنے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ظلم کی انتہا یہ ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ آدھے گھنٹے میں گھر خالی کردیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.