کوئٹہ(زیبائے پاکستان)آل بلوچستان بیروزگار یونین کے صدر میر زبیر لانگو اور جنرل سیکرٹری حاجی عبداللطیف شاہوانی نے کور کمانڈر بلوچستان کی جانب سے 25 نومبر سے بلوچستان کی تمام شاہراہوں کو تجارت اور ٹرانسپورٹ کے لیے کھولنے، گاڑیوں کی آزادانہ آمدورفت اور چیک پوسٹوں پر کسی قسم کی رقم وصول نہ کرنے کے فیصلے کو خوش آئند اور عوام دوست اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ٹرانسپورٹ اور تجارتی سرگرمیوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے، شاہراہوں پر بلاوجہ رکاوٹوں اور چیک پوسٹوں پر مبینہ رقم وصولی کے خاتمے سے نہ صرف ٹرانسپورٹرز بلکہ ڈرائیوروں، تاجروں، مزدوروں اور روزگار سے وابستہ ہزاروں افراد کو ریلیف ملے گا۔ کور کمانڈر بلوچستان کی جانب سے شاہراہوں کو کھولنے اور گاڑیوں کو بلاجواز روکنے یا پریشان نہ کرنے کی ہدایات ایک مثبت پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی معیشت کا بڑا انحصار تجارت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے پر ہے، شاہراہوں پر غیر ضروری پابندیوں اور مشکلات کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں جبکہ روزگار کے مواقع بھی محدود ہو جاتے ہیں۔ اس فیصلے سے تجارتی سرگرمیوں میں بہتری، کاروبار کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے۔ میر زبیر لانگو اور حاجی عبداللطیف شاہوانی نے کہا کہ صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک گاڑیوں کی معمول کے مطابق آمدورفت، کانوائی کی پابندی کے خاتمے اور چیک پوسٹوں پر کسی قسم کی رقم وصول نہ کرنے کی ہدایات پر عملی طور پر عملدرآمد انتہائی ضروری ہے۔ متعلقہ حکام اور ادارے اس فیصلے کو یقینی بنائیں تاکہ ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کی غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ آل بلوچستان بیروزگار یونین اس فیصلے کی حمایت کرتی ہے اور امید رکھتی ہے کہ بلوچستان کی شاہراہوں کو محفوظ، آزادانہ اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار بنایا جائے گا۔
