پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ربانی خان کاکڑ کی عوامی خدمات لائقِ تحسین ہیں، ملک السلام خان اچکزئی

نوجوانوں کے مسائل کے حل اور پارٹی کی مضبوطی کے لیے ربانی خان کاکڑ کا کردار مثالی ہے، حنیفیاء اچکزئی

0

چمن(زیبائے پاکستان)پاکستان پیپلز پارٹی چمن کے ضلعی رہنماء اور صوبائی کونسل کے ممبر ملک عبدالسلام خان اچکزئی اور ضلعی یوتھ صدر حنیفیاء اچکزئی نے اپنے ایک مشترکہ اخباری بیان میں پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ربانی خان کاکڑ کی سیاسی بصیرت اور عوامی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ربانی خان کاکڑ ایک انتہائی مخلص، نڈر اور کارکن دوست رہنما ہیں جو کسی بھی ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کر دن رات پارٹی کے پلیٹ فارم سے غریب اور پسماندہ طبقے کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں۔ ان کی انتھک محنت اور عوامی رابطہ مہم کی بدولت صوبے بھر میں پاکستان پیپلز پارٹی مزید فعال اور مضبوط ہو رہی ہے۔بیان میں ملک عبدالسلام خان اچکزئی نے مزید کہا کہ ربانی خان کاکڑ نے ہمیشہ بلا تفریق عوام کے مسائل کو اعلیٰ ایوانوں تک پہنچایا ہے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ مشکل سے مشکل حالات میں بھی انہوں نے پارٹی پرچم کو سربلند رکھا اور کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی۔ ان کی قیادت میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے میں نئی روح پھونکی گئی ہے اور ہر سطح پر کارکنوں کو ان کا جائز مقام دیا جا رہا ہے، جو کہ پارٹی کی جمہوری روایات کا تسلسل ہے۔
دوسری جانب ضلعی یوتھ صدر حنیفیاء اچکزئی نے نوجوانوں کے حوالے سے ان کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ربانی خان کاکڑ نوجوان نسل کو بااختیار بنانے اور انہیں سیاست کے مرکزی دھارے میں لانے کے لیے کوشاں ہیں۔ وہ نوجوانوں کے تعلیمی اور روزگار کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی دلچسپی لیتے ہیں، جس کی وجہ سے علاقے کے نوجوانوں کی بڑی تعداد جوق در جوق پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی قیادت اور یوتھ ونگ عوامی فلاح و بہبود کے اس مشن میں ربانی خان کاکڑ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.