کوئٹہ(زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے بلوچستان کی شاہراہوں پر ٹرانسپورٹ اور تجارتی سرگرمیوں کو معمول پر لانے، گاڑیوں کی آزادانہ آمدورفت اور چیک پوسٹوں پر کسی قسم کی رقم وصول نہ کرنے سے متعلق کور کمانڈر بلوچستان کے فیصلے کو صوبے کے معاشی اور عوامی مفاد میں ایک قابل تحسین اقدام قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان جغرافیائی لحاظ سے تجارت، بین الصوبائی رابطوں اور علاقائی کاروباری سرگرمیوں میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، لیکن شاہراہوں پر غیر ضروری رکاوٹیں، ٹرانسپورٹ کی مشکلات اور چیک پوسٹوں پر مبینہ مالی وصولیوں کے باعث عام شہریوں، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو طویل عرصے سے مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ ایسے اقدامات جن سے نقل و حرکت آسان ہو اور تجارت کو سہولت میسر آئے، صوبے میں معاشی بہتری کی بنیاد بن سکتے ہیں۔تاہم چیک پوسٹوں پر رقم وصول نہ کرنے اور گاڑیوں کو بلاوجہ روکنے سے اجتناب کی ہدایات پر بھی سختی سے عملدرآمد ہونا چاہیے۔بلوچستان میں کاروباری سرگرمیوں کی سست روی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات کے تناظر میں ٹرانسپورٹ کا شعبہ محض گاڑیوں کی آمدورفت تک محدود نہیں بلکہ ہزاروں خاندانوں کی معاشی وابستگی کا ذریعہ ہے۔اورکسی بھی پالیسی یا فیصلے کی اصل اہمیت اس کے عملی نفاذ سے ہوتی ہے۔
