صحت اور تعلیم سب کے لیے برابر ہونی چاہیے، ادویات کی قیمتیں عام آدمی کی دسترس میں لانا ضروری ہے، وزیراعظم
اسلام آباد(زیبائے پاکستان)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 11-2010 میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جعلی ادویات کے باعث تقریباً 100 مریضوں کی اموات کا المناک واقعہ آج بھی یاد ہے، تاہم ’محفوظ دوا‘ ایپ کی بدولت اب ادویات کی اصلیت، قیمت اور دستیابی کی معلومات عام شہریوں تک پہنچانا ممکن ہوگا۔
وزارت قومی صحت کی ’محفوظ دوا‘ ایپلیکیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جعلی ادویات کے اس واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ اس وقت ادویات کے نمونے لندن، جنیوا اور پیرس کی لیبارٹریوں میں بھجوائے گئے، جہاں سے رپورٹ آئی کہ مریضوں کو دی جانے والی ادویات دراصل دل کی دوائیں نہیں بلکہ ملیریا کی دوا تھیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ماضی کے ایسے واقعات سے سبق حاصل کرنا اور عوامی خدمت کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے ’محفوظ دوا‘ ایپ کی تیاری پر متعلقہ ٹیم اور دوا ساز صنعت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ جعلی ادویات کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
وزیراعظم نے وزارتِ اطلاعات کے تعاون سے ایپ کے بارے میں آگاہی مہم چلانے اور پیغام گھر گھر پہنچانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایپ میں ادویات کی قیمت، دستیابی اور متعلقہ معلومات فراہم کرنے کی سہولت ایک اہم پیشرفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے ایسے خاندان ہیں جن کے لیے دواؤں کا حصول بڑا چیلنج ہے۔ اشرافیہ مہنگے اسپتالوں میں علاج کرا سکتی ہے، لیکن غریب خاندانوں، ماؤں، بہنوں اور یتیم بچوں کے لیے علاج اور ادویات کی قیمت برداشت کرنا مشکل ہوتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قائداعظم کے وژن کے مطابق صحت اور تعلیم سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے اور عام آدمی کو معیاری علاج کی سہولت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
محفوظ دوا ایپ سے جعلی ادویات کی شناخت ممکن ہوگی، مصطفیٰ کمال
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’محفوظ دوا‘ ایپ کا بنیادی مقصد انسانی جانوں کو جعلی ادویات سے محفوظ رکھنا ہے۔ اگر اس منصوبے کے ذریعے ایک جان بھی بچ گئی تو یہ پوری انسانیت کو بچانے کے مترادف ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ایپ کا سافٹ ویئر تقریباً 3 ماہ میں تیار کیا گیا، تاہم دوا ساز صنعت کو اعتماد میں لینے اور پیداواری نظام میں سرمایہ کاری کے لیے قائل کرنا اہم مرحلہ تھا۔ اس مقصد کے لیے قانون سازی بھی کی گئی تاکہ کمپنیوں کو مقررہ مدت میں نظام کا حصہ بننے کا پابند بنایا جا سکے۔
مصطفیٰ کمال کے مطابق دوا ساز صنعت نے پاکستان میں تیار ہونے والی 92 ہزار سے زائد ادویات کا ڈیٹا حکومت کے ساتھ شیئر کیا ہے، جبکہ قومی ڈیٹا بینک میں 92 ہزار 700 کمپنیوں کا ڈیٹا موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے نظام کے تحت کسی دوا میں خرابی سامنے آنے پر متعلقہ کمپنی، پیداواری مشین اور دوا کی تیاری کے وقت تک رسائی ممکن ہوگی، جس سے خرابی کے منبع کی نشاندہی کی جا سکے گی۔
وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ شہری موبائل فون کی اسکرین پر رنگ دیکھ کر دوا کی اصلیت جان سکیں گے۔ نظام میں سبز اور سرخ رنگ استعمال کیے گئے ہیں تاکہ کم پڑھے لکھے افراد بھی آسانی سے سمجھ سکیں کہ دوا اصلی ہے یا جعلی۔
انہوں نے منصوبے کی تیاری میں وزارتِ آئی ٹی، وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ اور دوا ساز صنعت کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت اس نظام میں مزید سہولتیں شامل کرے گی اور سامنے آنے والی مشکلات کا حل تلاش کیا جائے گا۔
