بھارت میں پاکستانی ڈرامے کی نمائش پر تنازع، ’درِ نجات‘ کی اسکریننگ منسوخ

0

ممبئی (زیبائے پاکستان)بھارت کے شہر بنگلورو میں پاکستانی ڈرامے ’درِ نجات‘ کی شیڈول اسکریننگ منسوخ کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ سوشل میڈیا پر ہونے والی مخالفت اور تنقید کے بعد کیا گیا۔

ایونٹ کے منتظمین نے اپنے باضابطہ اعلان میں بتایا کہ 28 نومبر 2026 کو منعقد ہونے والی اسکریننگ منسوخ کر دی گئی ہے۔ منتظمین کے مطابق تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد انہوں نے پاکستانی ٹیلی ویژن ڈراموں کی اسکریننگ کو بطور ایونٹ منعقد کرنے یا اس کی تشہیر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اعلامیے میں شرکاء کی جانب سے ملنے والی محبت، دلچسپی اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے معذرت بھی کی گئی۔ منتظمین نے واضح کیا کہ جن افراد نے اسکریننگ کے لیے پہلے سے ادائیگی کر رکھی ہے وہ رقم کی واپسی کے لیے واٹس ایپ پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلورو میں ’درِ نجات‘ کی اسکریننگ کی منسوخی نے ایک بار پھر بھارت میں پاکستانی ڈراموں اور تفریحی مواد کی نمائش کو درپیش مشکلات اور اس حوالے سے جاری تنازع کو نمایاں کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ نئی دہلی کے ایک کیفے میں 33ویں قسط کی خصوصی اسکریننگ کا اہتمام کیا گیا جس میں شرکت کے لیے سینکڑوں افراد نے دلچسپی ظاہر کی۔

تفصیلات کے مطابق تقریب میں محدود نشستوں کے باعث صرف 45 افراد کو شرکت کی اجازت دی گئی جبکہ داخلے کے لیے فی کس 899 بھارتی روپے کا ٹکٹ مقرر کیا گیا تھا۔

دوسری جانب بھارت میں پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کے خلاف پابندی کے مطالبات بھی بحث کا موضوع بنے ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آل انڈیا سنے ورکرز ایسوسی ایشن (AICWA) نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ نیٹ فلکس پر مذکورہ پاکستانی سیریز کی بھارت میں نشریات کی اجازت نہ دی جائے۔

سیریز کی عالمی سطح پر ریلیز 4 دسمبر 2026 کو شیڈول ہے جس میں فواد خان، ماہرہ خان، ہانیہ عامر، حمزہ علی عباسی، احد رضا میر، اقرا عزیز، صنم سعید، مایا علی، اور خوشحال خان سمیت پاکستان کے کئی معروف فنکار شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.