سفید جوتے دھونے کے بعد پیلے کیوں ہو جاتے ہیں؟ ضدی داغوں سے نجات کا آسان گھریلو طریقہ

0

اہور(زیبائے پاکستان)اکثر لوگ اپنے سفید جوتوں کو خوب محنت سے رگڑ کر دھوتے ہیں تاکہ وہ بالکل نئے اور چمکدار نظر آئیں، لیکن شام تک سوکھنے کے بعد ان کی جالی یا کپڑے پر بدنما پیلے دھبے نمودار ہو جاتے ہیں۔

عام طور پر ہم اس کا الزام جوتوں کے پرانے ہونے یا گہری میل کو دیتے ہیں اور نیا جوڑا خریدنے کا سوچنے لگتے ہیں، حالانکہ اصل مسئلہ جوتوں میں نہیں بلکہ دھونے اور سکھانے کے دوران ہونے والی چھوٹی چھوٹی غلطیوں میں ہوتا ہے۔

چند سادہ گھریلو طریقوں پر عمل کر کے ان پیلے داغوں کو باآسانی صاف کیا جا سکتا ہے۔

جوتے دھونے کے بعد پیلے کیوں پڑ جاتے ہیں؟

جوتوں پر پیلے داغ پڑنے کی ایک عام وجہ واشنگ پاؤڈر یا ڈٹرجنٹ کا اچھی طرح صاف نہ ہونا ہے۔ جوتوں میں صابن کی باقیات خشک ہونے کے بعد ہوا کے ساتھ ردعمل ظاہر کر سکتی ہیں، جس سے کپڑے یا میش پر پیلے نشان بن جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ جوتوں کو تیز دھوپ میں رکھنے، ہیئر ڈرائر سے خشک کرنے اور بلیچ استعمال کرنے سے بھی ان کا رنگ متاثر ہو سکتا ہے۔ کھارے پانی میں موجود معدنیات بھی ہلکے رنگ کے جوتوں پر داغ چھوڑ سکتی ہیں۔

سفید سرکے سے پیلے داغ صاف کریں

جوتوں پر موجود پیلے داغ صاف کرنے کے لیے سفید سرکہ ایک بہترین اور آسان حل ہے۔ اس کے لیے سرکے کو داغ والی جگہ پر اسپرے کریں، لیکن اتنی مقدار استعمال کریں کہ سرکہ بہنے نہ لگے۔

اس کے بعد ایک چھوٹے تولیے کو اتنے گرم پانی میں بھگوئیں جتنا آپ کے ہاتھ آسانی سے برداشت کر سکیں اور پھر اسے اچھی طرح نچوڑ لیں۔

اب اس تولیے سے جوتوں کے داغ والی جگہ کو ہلکے ہاتھ سے گولائی میں رگڑیں۔ ایک وقت میں جوتے کے چھوٹے حصے کی صفائی کریں اور ضرورت پڑنے پر یہی عمل دوبارہ دہرائیں۔

تاہم سرکہ ہر قسم کے جوتوں کے لیے یکساں طور پر موزوں نہیں ہوتا، اس لیے پہلے جوتے کے کسی چھپے ہوئے حصے پر اسے آزما لیں۔ اگر جوتے کے میٹریل کے حوالے سے خدشہ ہو تو سرکے میں تھوڑا پانی ملا کر استعمال کریں، خاص طور پر چمڑے کے جوتوں پر احتیاط ضروری ہے۔

جوتے خشک کرنے کا درست طریقہ اپنائیں

جوتوں کی صفائی کے ساتھ انہیں خشک کرنے کا طریقہ بھی اہم ہے۔ جوتوں کو ہمیشہ کسی سایہ دار اور ہوادار جگہ پر قدرتی ہوا میں خشک ہونے دیں اور براہ راست تیز دھوپ سے بچائیں، کیونکہ تیزدھوپ، ہیٹر یا ہیئر ڈرائر کی گرم ہوا سفید جوتوں کو مزید پیلا کر دیتی ہے۔

دوبارہ پیلے داغ پڑنے سے کیسے بچائیں؟

جوتوں کو دھوتے وقت زیادہ ڈٹرجنٹ استعمال نہ کریں اور صفائی کے بعد انہیں اچھی طرح پانی سے دھوئیں تاکہ صابن کی کوئی باقیات نہ رہیں۔ جوتوں کو صاف کرنے کے لیے بلیچ استعمال کرنے سے بھی گریز کریں کیونکہ اس سے ان کا رنگ خراب ہو سکتا ہے۔

اسی طرح جوتوں کو خشک کرنے کے لیے گھر کے اندر یا سایہ دار اور ہوا دار جگہ کا انتخاب کریں۔ ان چھوٹی چھوٹی احتیاطوں سے سفید جوتوں کو صاف ستھرا رکھنے اور دوبارہ پیلے داغ پڑنے سے بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.