ٹرانسپورٹرز کو آزادی سے کاروبار کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔ ایکشن کمیٹی

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) آل بلوچستان ٹرانسپورٹر ایکشن کمیٹی کے صدر حاجی حبیب اللہ خان بادیزئی، جنرل سیکرٹری میر اکبر لہڑی اور دیگر عہدیداروں نے بلوچستان کی شاہراہوں پر ٹرانسپورٹ کی آزادانہ نقل و حرکت، کانوائی نظام کے خاتمے اور چیک پوسٹوں پر کسی بھی قسم کی رقم وصول نہ کرنے سے متعلق کور کمانڈر بلوچستان کے فیصلے کو ٹرانسپورٹرز کے دیرینہ مطالبات کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو درپیش مشکلات کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ٹرانسپورٹرز طویل عرصے سے شاہراہوں پر غیر ضروری پابندیوں، گاڑیوں کو گھنٹوں روکنے، کانوائی کے انتظار اور مختلف مقامات پر مشکلات کا سامنا کرتے رہے ہیں، جس کے باعث مال برداری کے اخراجات میں اضافہ، کاروباری نقصان اور ڈرائیوروں سمیت ٹرانسپورٹ سے وابستہ افراد کی مشکلات بڑھتی رہی ہیں۔ ایسے حالات میں شاہراہوں پر معمول کی آمدورفت بحال کرنے کا فیصلہ قابل قدر ہے۔ تاہم اس فیصلے کے ثمرات اسی صورت میں سامنے آئیں گے جب متعلقہ حکام ان ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ بلوچستان میں تجارتی سرگرمیوں، اشیائے ضروریہ کی ترسیل اور ہزاروں افراد کے روزگار سے براہ راست وابستہ ہے۔ شاہراہوں پر غیر ضروری رکاوٹوں کے باعث نہ صرف ٹرانسپورٹرز متاثر ہوتے ہیں بلکہ عام صارفین، تاجروں اور کاروباری طبقے کو بھی اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں۔شاہراہوں کو ٹرانسپورٹ کے لیے کھلا رکھنے کے فیصلے کو محض اعلان تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ تمام چیک پوسٹوں پر اس کی پابندی یقینی بنائی جائے، گاڑیوں کو بلاوجہ روکنے، پریشان کرنے اور کسی بھی غیر قانونی وصولی کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.