عنوان: درد بھیڑیے ہیں اور کھال نوچتے ہیں

0

تحریر: عباس مہد

انسان کی زندگی کا سب سے سسکتا ہوا المیہ یہ نہیں کہ اس پر مصائب کے پہاڑ ٹوٹ پڑتے ہیں، بلکہ اصل قیامت تو تب ٹوٹتی ہے جب دکھ اور محرومیاں کسی خونخوار بھیڑیے کی طرح انسان کا گھیراؤ کر لیتی ہیں اور اس کے وجود سے ایک ایک کر کے مسکراہٹیں، آسائشیں اور امیدیں نوچنا شروع کر دیتی ہیں۔ زندگی کے اس تپتے ہوئے صحرا میں جب اپنے اور بیگانے سب منہ پھیر کر دور نکل جاتے ہیں، جب ریاست اور ایوانوں میں بیٹھے حکمران اپنے ہی شہریوں کے درد سے بے نیاز ہو جاتے ہیں، تو ایک عام انسان کی روح سسک اٹھتی ہے۔ لیکن اس تمام تر اندھیرے، کرب اور ٹوٹتی ہوئی سانسوں کے باوجود کہیں نہ کہیں، دل کے کسی بند گوشے میں توکل کی ایک مدہم سی شمع روشن رہتی ہے جو یہ آس دلاتی ہے کہ رات جتنی بھی ساہ اور بھیانک ہو، سحر کا طلوع ہونا اٹل ہے!

کبھی کبھی یوں لگتا ہے جیسے درد اب محض ایک احساس یا دل کی کیفیت کا نام نہیں رہا، بلکہ یہ جیتا جاگتا وحشی بھیڑیا بن چکا ہے جو سائے کی طرح انسان کے تعاقب میں رہتا ہے اور موقع ملتے ہی اس کا گوشت اور کھال نوچنے لگتا ہے۔ زندگی جب امتحان لینے پر آئے تو وہ انسان سے اس کی ہر خوشی، اس کا سارا غرور اور اس کی تمام آسائشیں چھین لیتی ہے۔ آج کا عام انسان جس کرب، ذلت اور اذیت کے دور سے گزر رہا ہے، اس کی مثال تاریخ کے صفات میں کم ہی ملتی ہے۔ صبح کا سورج طلوع ہوتا ہے تو اپنے ساتھ رزق کی تلاش کا ایک نیا خوف لے کر آتا ہے، اور شام کی تاریکی ڈھلتی ہے تو حسرتوں، بیماریوں اور بے بسی کا ایک نیا طوفان گھر کی دہلیز پر دستک دیتا ہے۔ مہنگائی کا اثر ہو یا بے روزگاری کا تازیانہ، بیماریوں کا خوف ہو یا چھت کے چھن جانے کا خدشہ یہ تمام مشکلات بھیڑیوں کا پورا ایک ریوڑ بن کر انسان کے گرد دائرہ تنگ کر چکی ہیں اور وہ اپنے ہی وجود کے بکھرتے ہوئے شیشوں کو سمیٹنے میں مسلسل زخمی ہو رہا ہے۔ اس المناک داستان کا سب سے تلخ اور تکلیف دہ باب وہ ہے جب انسان اپنے ارد گرد دیکھے اور اسے کوئی ایک بھی ہمدرد نظر نہ آئے۔ وہ رشتے جن پر انسان ناز کیا کرتا تھا، وہ دوست جن کے ساتھ بیٹھ کر دُکھ بانٹنا سکون دیتا تھا، اور وہ اپنے جن پر مشکل وقت میں مان تھاجب حالات بگڑتے ہیں تو سب کے رویے بدل جاتے ہیں۔ غربت اور بے بسی ایک ایسا موذی مرض ہے جس سے سب سے پہلے اپنے ہی بھاگتے ہیں۔ ایک ایک کر کے سب منہ پھیر کر دور چلے جاتے ہیں، جیسے کبھی واقف ہی نہ تھے۔ جب انسان کی جیب خالی ہوتی ہے اور وہ دُکھ کی دلدل میں دھنس رہا ہوتا ہے, تو دنیا کی محبتیں، دلاسے اور کھوکھلی ہمدردیاں غائب ہو جاتی ہیں۔ تنہائی کا یہ ڈسنے والا احساس، اپنوں کی بے وفائی کا یہ زخم اور دنیا کا یہ سرد رویہ انسان کی روح کو اندر سے نچوڑ کر رکھ دیتا ہے، اور وہ حیرت سے سوچتا ہے کہ کیا رشتوں کی تمام تر گہرائی صرف حالات کے اچھے ہونے تک محدود تھی؟ اسی بے بسی کے عالم میں جب انسان اپنی ریاست اور حکمرانوں کی طرف دیکھتا ہے، تو اسے وہاں سے بھی صرف بے حسی اور پتھر دلی کا تحفہ ملتا ہے۔ اے ایوانِ اقتدار میں بیٹھے بے حس حکمرانو! تم جن معاشی اعداد و شمار کے کھیل کھیلتے ہو، تم جن ترقی کے کھوکھلے دعوؤں پر داد سمیٹتے ہو، کبھی کسی غریب کے باورچی خانے میں جھانک کر دیکھا ہے جہاں ہفتوں سے چولہا نہیں جلا؟ کبھی اس باپ کی آنکھوں میں جھانکا ہے جو اپنے بیمار بچے کے لیے دوائی خریدنے کی استطاعت نہ ہونے پر اندر سے روز مرتا ہے؟ حکومتیں تو اپنے شہریوں کے لیے ممتائی اور تحفظ کا سایہ ہوتی ہیں، مگر یہاں ریاست خود ان بھیڑیوں کی سرپرست بن چکی ہے جو عوام کی کھال نوچ رہے ہیں۔ گیس، بجلی، پٹرول اور روٹی کے نام پر جو ٹیکس اس پسے ہوئے طبقے سے نچوڑا جا رہا ہے، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ایوانوں میں بیٹھے لوگوں کے لیے عام انسان صرف ایک عدد ہے، جس کا جینا یا مرنا ان کے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔ کیا اسی دن کے لیے اس قوم نے قربانیاں دی تھیں کہ ایک دن ریاست اپنے ہی بچوں کو بھوک اور ناانصافی کے بھیڑیوں کے آگے پھینک دے؟ جب بندوں کی بے وفائی اور حکومت کی بے حسی تمام حدیں پار کر جاتی ہے، تو انسان تڑپ کر اپنے رب کے حضور جھکتا ہے، اور اپنے دکھوں کا کشکول لیے اپنے خالق سے شکوہ کناں ہوتا ہے۔ اے میرے رب! اے دلامیز اور بے کسوں کے سہارے! تو تو ستر ماؤں سے زیادہ پیار کرنے والا ہے، تو تو اپنے بندے کی شاہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہے، پھر یہ کیسا امتحان ہے جو ختم ہونے کا نام ہی نہیں لیتا؟ تیرا یہ عاجز بندہ آخر کب تک اس تنہائی اور دکھ کی سولی پر لٹکتا رہے گا؟ میری سسکیاں، میری راتوں کی آہ زاری اور میرے آنسو تیری بارگاہ تک کیوں نہیں پہنچتے؟ جب ہر طرف ظالم کا راج ہے اور مظلوم کی کھال نوچی جا رہی ہے، تو تیری نصرت کا بادل کب برسے گا؟ یہ وہ دلدوز شکوہ ہے جو ایک ٹوٹا ہوا انسان اپنے رب کے سامنے رو رو کر کرتا ہےنوحہ بھی اسی سے ہے اور التجا بھی اسی کی بارگاہ میں، کیونکہ اس کے سوا کوئی اور در ایسا نہیں جہاں انسان اپنا کاسۂ درد رکھ سکے۔ مگر صاحبو! اس تمام تر تاریکی، گھٹن، سسکیوں اور نچوڑ دینے والی اذیت کے باوجود، انسان کے اندر ایک شے ایسی ہے جسے یہ غم کے بھیڑیے کبھی نوچ نہیں سکتےاور وہ ہے “تَوَکُّل”! انسان جتنا بھی ٹوٹ جائے، جتنا بھی بکھر جائے، لیکن جب وہ سجدے میں سر رکھتا ہے تو اس کے دل کے کسی روشن کونے میں یہ صدا گونجتی ہے کہ ‘لا تقنطوا من رحمة الله’ (اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو)۔ یہی وہ توکل ہے جو انسان کو اتنی بڑی مصیبتوں کے بعد بھی کھڑا رکھتا ہے۔ انسان کو کہیں نہ کہیں، گہرے اندھیروں کے پار، یہ امید ضرور دکھائی دیتی ہے کہ یہ وقت بھی گزر جائے گا۔ یہ درد کے بھیڑیے بلاخر تھک ہار کر لوٹ جائیں گے، حالات بدلیں گے، اور صبا کی ٹھنڈی ہوا دوبارہ چلے گی۔ اسے یقین ہے کہ جو لوگ آج حالات کی سختی دیکھ کر منہ پھیر کر چلے گئے ہیں، جو اپنے آج دور ہو چکے ہیں، وہ ایک نہ ایک دن ضرور لوٹ آئیں گے۔ جب اس کی دھرتی پر سکھ کا سورج چمکے گا، جب اس کی محنت اور اس کا توکل رنگ لائے گا، تو دنیا کی بے وفائی کا یہ موسم بھی بدل جائے گا۔ خدا کی لاٹھی بے آواز ہے، اور اس کا عدل برحق ہے۔ وہ ذات جو سوکھے ہوئے درختوں کو دوبارہ ہرا کر دیتی ہے، جو سیاہ رات کے پیٹ سے روشن صبح کو جنم دیتی ہے، وہ اپنے اس عاجز اور ٹوٹے ہوئے بندے کو بھی اس درد کی دلدل سے ضرور نکالے گی۔ “درد بھیڑیے ہیں اور کھال نوچتے ہیں”یہ صرف اس کالم کا عنوان نہیں ہے، بلکہ یہ ہر اس انسان کی کہانی ہے جو زندگی کی بھٹی میں جل رہا ہے، جسے اپنوں نے چھوڑ دیا، جسے ریاست نے لاوارث کر دیا، اور جو اپنے دکھوں کا بوجھ اٹھائے رب کے حضور نالاں ہے۔ لیکن یاد رکھیے! رات کی سیاہی جتنی گہری اور بھیانک ہوتی جائے، وہ اس بات کی دلیل ہوتی ہے کہ صبح کا اجالا بہت قریب ہے۔ اپنے اندر کے توکل کو مرنے نہ دیں، کیونکہ جب دنیا کے تمام دروازے بند ہو جاتے ہیں اور تمام سائے ساتھ چھوڑ جاتے ہیں، تب بھی آسمان والا اپنے بندے کو اکیلا نہیں چھوڑتا۔ دکھ کے یہ بھیڑیے جتنی بھی کھال نوچ لیں، وہ ہماری روح کی امید اور خدا پر ایمان کو کبھی نہیں چھین سکتے۔ حالات ٹھیک ہوں گے، زخم بھریں گے، اور سب لوٹ کر آئیں گے کیونکہ حق کا وعدہ سچا ہے اور خدا کی رحمت بے کنار!

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.